دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ایریا میں ترقیاتی سکیموں کیلئے 97 کروڑ 25 لاکھ روپے جاری
دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ایریا میں ترقیاتی سکیموں کیلئے 97 کروڑ 25 لاکھ روپے جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ایریا میں ترقیاتی سکیموں کیلئے واپڈا کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو 97 کروڑ 25 لاکھ روپے جاری کر دیئے گئے، ترقیاتی سکیموں کا مقصد پراجیکٹ ایریا میں معاشی و معاشرتی ترقی اور مقامی لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہے۔
واپڈا ترجمان کے مطابق پراجیکٹ ایریا میں مقامی لوگوں کی بہتری کیلئے اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت مجموعی طور پر 78 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں، اعتماد سازی کے جاری اقدامات کے سلسلے میں واپڈا نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ایریا میں اہم ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کے لیے 97 کروڑ 25 لاکھ روپے جاری کر دیئے ۔ فنڈز کے اجراء کی تقریب کمشنر دیامر استور ڈویژن کے دفتر میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں کمشنر دیامر استور ڈویژن، جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ، چیف انجینئر کنسٹرکش ورکس، ڈائریکٹر جنرل سوشل سیف گارڈز، ڈپٹی کمشنر دیامر، ڈیم علماء کمیٹی کے ارکان اور مقامی عمائدین شریک ہوئے۔
واپڈا کی جانب سے جاری کئے گئے فنڈز سے ایسی ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی، جن کا مقصد مقامی لوگوں کے معیارِ زندگی میں بہتری اور پراجیکٹ ایریا میں معاشی اور معاشرتی ترقی ہے۔
مذکورہ سکیموں پر عملدرآمد گلگت بلتستان کی حکومت کے متعلقہ محکموں کے ذریعے مقامی لوگوں کی مشاورت سے ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں کیا جائے گا۔گزشتہ ماہ واپڈا اور دیامر کی ضلعی انتظامیہ کے درمیان ان ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔
سکیموں کے معیار، پیش رفت اور بروقت تکمیل کیلئے ضلعی انتظامیہ، واپڈا اور مقامی لوگوں کے نمائندوں پر مشتمل نگران کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔
دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت واپڈا مقامی لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے بنیادی انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور عوامی بہبود کی ترقیاتی سکیموں پر 78 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کر رہا ہے۔ کیڈٹ کالج چلاس اور آرمی پبلک سکول تھور کے علاوہ تھک اور تھور کے پن بجلی گھر اب تک مکمل کئے گئے منصوبوں میں نمایاں ہیں۔ پراجیکٹ ایریا میں مقامی لوگوں کیلئے متعدد دیگر ترقیاتی سکیموں پر بھی کام جاری ہے۔







