اقوام متحدہ ۔28فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور یہ دو ریاستی حل تک پہنچنے کا آخری موقع ہوسکتا ہے۔
یواین نیوز کے مطابق ان خیالات کا اظہار مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی کوآرڈینیٹر سگریڈ کاگ نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔سگریڈ کاگ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ تیزی سے تبدیلی سے گزر رہا ہے،اس تبدیلی کی گنجائش اور اثرات ابھی تک واضح نہیں ، یہ دو ریاستی حل کے لیے آخری موقع ہو سکتا ہے۔
غزہ کی تعمیر نو کے لئے 53 ارب ڈالر کی ضرورت کی نشاندہی کرتے ہوئے کاگ نے کہا کہ عرب ممالک اس سلسلے میں ایک منصوبہ تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مصر غزہ کی تعمیر نو پر ایک کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
سگرڈ کاگ نے کہا کہ فلسطینیوں کو غزہ کی تعمیر نو کے ذریعے اپنے معمولات زندگی جاری رکھنے کے قابل ہونا چاہیے،تاہم جبری نقل مکانی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔