لاہور۔5مارچ (اے پی پی):آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے سیمی فائنل میں خصوصی دعوت پر جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بھارت، بنگلہ دیش اور زمبابوے کے کرکٹ بورڈز کے سربراہان و اعلی حکام کی بدھ کے روزقذافی سٹیڈیم آمد،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ بورڈز کے سربراہان کا خیر مقدم کیا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا، صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ فاروق احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر کرکٹ جنوبی افریقہ فولیٹسی موسیکی نائب صدر کرکٹ جنوبی افریقہ ڈاکٹر محمد موسی جی،ڈائریکٹر نیوزی لینڈ کرکٹ راجر ٹوزز اور دیگر اعلی حکام نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی اور میچ دیکھا۔کرکٹ بورڈز کے سربراہان نے د وسرا سیمی فائنل میچ دیکھنے کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کیلئے بہترین انتظامات اور شاندار مہمان نوازی پرچیئرمین پی سی بی کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پربھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو اپنی کتاب کا تحفہ پیش کیا۔بعد ازاں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر فاروق احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کر تے ہیں جنہوں نے مدعو کیا۔ہماری کرکٹ بہت آگے آ ئی ہے جبکہ دونوں بورڈز کے درمیان ایف ٹی پی کے علاوہ وائٹ بال سیریز کرانے پر بھی بات ہوئی ہے۔
فاروق احمد نے کہا کہ دونوں بورڈز سیریز شیڈول کرنے پر بات چیت کر رہے ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ فاروق احمد کو لاہور میں سیمی فائنل کے موقع پر خوش آمدید کہتا ہوں، چیمپئینز ٹرافی کے انعقاد پر بی سی بی کے تعاون پر فاروق احمد کا شکریہ بھی ادا کرتا ہوں۔ محسن نقوی نے کہا کہ دونوں بورڈز گزشتہ چند ہفتے سے باہمی سیریز پر بات کر رہے ہیں،جلد اس حوالے سے پیش رفت ہو گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569212