اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کیلئے سرمایہ کاری لائیں، حکومت آپ کی ہر قسم کی معاونت کرے گی،کاروباری برادری کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم سے پاکستان کی معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی اورسرمایہ کاری اور بر آمدات میں اضافے پر حکومت کی ہر قسم کی معاونت کی یقین دہانی کرائی، کاروباری شخصیات کی جانب سے وزیر اعظم کی معاشی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کیلئے سرمایہ کاری لائیں، حکومت آپ کی ہر قسم کی معاونت کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری کی مربوط سکیم لائی جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ برآمدکندگان کی سہولت کیلئے ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن سکیم کے حوالے سے کمیٹی قائم ہو چکی، جلد اپنی تجاویز کا مسودہ منظوری کیلئے پیش کرے گی، اللہ کے فضل و کرم اور معاشی ٹیم کی کاوشوں کی بدولت استحکام کے حصول کے بعد معیشت ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے سب کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہے،کاروباری برادری کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، حکومت آپ کا بھرپور ساتھ دے گی،حکومت کاروباری برادری کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن اور دیگر اصلاحات کی بدولت کاروباری برادری کو سہولت فراہم کر رہے ہیں، فیس لیس کسٹم کلیئرنس سسٹم سے بندرگاہوں پر کنٹینرز کی کلیئرنس کے وقت میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو بہترین افرادی قوت کی فراہمی کیلئے نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں،پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے والے تمام اداروں کو ایک چھتری تلے جمع کر کے نظام کو مزید مربوط بنا رہے ہیں۔
شرکا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ شرکا نے حکومت کی جانب سے محصولات کے نئے ذرائع سے آمدنی اور اس سے قومی خزانے میں اضافے کی تعریف کی۔ شرکا نے اڑان پاکستان پروگرام اور اس کے تحت معیشت کی ترقی کے روڈمیپ کی بھی تعریف کی۔ شرکا نے کہا کہ وزیر اعظم کا نوجوانوں کو پیشہ ورانہ ہنر کی فراہمی، زراعت و صنعت کی ترقی بالخصوص ایک ہزار طلبہ کو چین میں جدید تربیت کیلئے بھیجنے کا پروگرام قابل تعریف ہے،کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
کاروباری برادری کو مشاورتی عمل بالخصوص بجٹ کے مشاورتی عمل میں شامل کرنا خوش آئند ہے، اس پر وزیر اعظم کے مشکور ہیں۔ شرکا نےوزیر اعظم کی قیادت میں محصولات میں اضافے، شرح سود اور مہنگائی میں کمی پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ،
محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، حنیف عباسی، سردار اویس خان لغاری، شزہ فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کاروباری شخصیات نے انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔ وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں اور سیکریٹریز کاروباری شخصیات سے مشاورت کے بعد ان کی تجاویز پر مبنی پالیسی اقدامات کا لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572711