پشاور۔ 03 اپریل (اے پی پی):پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی میں عید تعطیلات کے دوران مجموعی طور پر 359 زخمی افراد کو لایا گیا، جن میں 11 افراد فائر آرم (گولی لگنے) جبکہ 193 افراد روڈ ٹریفک حادثات اور 155 دیگر زخمی شامل ہیں۔
اس دوران آپریشن تھیٹرزبھی فعال رہے اور ایمرجنسی نوعیت کے چھوٹے بڑے آپریشنز کیے گئے۔عید کے دوران خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی سروس 24/7 کھلی رہی، جہاں مختلف بیماریوں میں مبتلا تقریباً 11200 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ان مریضوں میں عمومی نوعیت کے کیسز بھی شامل تھے۔ڈاکٹر احمد زیب انچارج کیجولٹی کے ٹی ایچ نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عام تعطیلات کے دوران بھی مریضوں کے علاج معالجے کو یقینی بنانے کے لیے ہسپتال کی ایمرجنسی اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کرتی ہے۔
عید کی تعطیلات کے دوران خصوصی ڈیوٹی روسٹر ترتیب دیا گیا تھا، جس کے تحت سینئر ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکس، فارماسسٹس اور انتظامی عملہ اپنی خدمات سرانجام دیتا رہا۔ علاوہ ازیں، داخل مریضوں کو بھی ان کا معمول کا علاج فراہم کیا گیا، اور سینئر کنسلٹنٹس نے اپنے متعلقہ وارڈز کے معمول کے دورے بھی کیے تاکہ انکے علاج میں کوئی کمی نا ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578016