واشنگٹن ۔15اپریل (اے پی پی):امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ کا کہنا ہے کہ امریکا سعودی عرب کے ساتھ جوہری تعاون کے معاہدے کی تفصیلات کا جلد اعلان کرے گا۔العربیہ کے مطابق امریکی وزیر ان دنوں سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب جوہری توانائی کی ترقی میں دلچسی رکھتا ہے اور اس صنعت، خاص طور پر جوہری توانائی کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ امریکا آئندہ ہفتوں کے دوران میں توانائی کے شعبے میں جامع تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط کی تیاری کر رہا ہے۔ غالبا اس کے بعد چند ماہ کے اندر جوہری توانائی کے لئے متعین کردہ معاہدہ طے پائے گا۔
امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے کہاکہ سعودی عرب اہم معدنیات کا مالک ہے جن میں یورینیم شامل ہے۔ مملکت پر امن جوہری ذرائع کے ساتھ توانائی پیدا کرنے کی اپنی صلاحیت وسیع کرنے کی واضح خواہش رکھتی ہے ۔ اس کے مقابل امریکا تجارتی جوہری توانائی کی ٹیکنالوجی کی ترقی میں طویل تجربے کا حامل ہے۔
امریکی وزیر توانائی کے مطابق امریکی اور سعودی حکومتیں سعودی عرب میں شہری (سول) جوہری توانائی کی صنعت تعمیر کرنے کے لئےتعاون کی بہترین صورتوں کے حوالے سے بات چیت کے اگلے مرحلے میں ہیں۔ رائٹ کا مزید کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم رواں برس اس سلسلے میں اہم پیش رفت دیکھیں گے۔امریکی وزیر نے واضح کیا کہ ان کا ملک اس شعبے میں سعودی عرب کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582077