اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین العقائد ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سیرت رسولﷺ رہنمائی کا منبع ہے، سیرت نگاری کے فروغ میں ماہرین تعلیم اور ماہرین ابلاغیات کو بھی شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام ” عصر حاضر میں سیرت نگاری کے چیلنجز اور مستقبل کے اقدامات ” کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ سیرت نگاری اسلامی علوم کا نہایت با برکت حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ کی زندگی مشعل راہ ہے،جدید انسانی علوم اور ذرائع ابلاغ میں تغیر کا تقاضا ہے کہ سیرت نگاری کے فروغ کے لئے نئےزاویوں کے ساتھ جدید ذرائع سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے مقالات سیرت نگاری کی نئی راہیں متعین کریں گے،عصر حاضر کے تحدیات کے پیش نظر سیرت طیبہ کو عام کرنا ناگزیر ہے، آج اخلاقی اقدار کا فقدان ہے، سیرت طیبہ اس ضمن میں ہدایت کا منبع ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت طیبہ فکری تدبر کی دعوت دیتی ہے،سیرت نگاری کے فروغ میں ماہرین تعلیم اور ماہرین ابلاغیات کو بھی شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت کے اسالیب میں جدت کا استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے استفادہ کیا جائے۔
کانفرنس کے کامیاب انعقاد کا ذکر کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سیرت طیبہ اور اسلامی تحقیق کے فروغ پر تحسین کی حق دار ہے۔اس دو روزہ کانفرنس میں 90 سے زائد مقالات پیش کئے جائیں گے جس میں پاکستان اور دنیا بھر کے ماہرین تعلیم ، سیرت نگار اور محققین شرکت کر رہے ہیں ۔کانفرنس میں بطور مہمان اعزاز خطاب کرتے ہوے تیونس کی الزیتونہ یونیورسٹی کے سابق صدر ڈاکٹر عبداللطیف بو عزیزی نے تعلیمی نصاب میں سیرت النبی ﷺ میں شامل کرنے پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ نوجوانوں میں سیرت نگاری کے رحجان کے فروغ میں کردار ادا کریں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے مراکش کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر سعد الدین عثمانی نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی جیسے مقدس ادارے میں کائنات کی سب سے مقدس ہستی پر گفتگو کرنا ایک اعزاز ہے۔اس موقع پر صدر جامعہ ڈاکٹر احمد شجاع سید نے وفاقی وزیر اور غیر ملکی شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ عہد حاضر میں سیرت نگاری کی روشنی میں جدید چیلنجز کا حل تلاش کرنا اس کانفرنس کا مقصد ہے ۔
انہوں نے کہا کہ محققین کا یہ پلیٹ فارم سیرت النبی ﷺکی روشنی میں مسلم معاشروں کی مثالی تشکیل کا راستے کھوجنے کا موقع فراہم کرے گا۔قبل ازیں کانفرنس کے منتظم اعلیٰ ، ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحقیقات اسلامی ڈاکٹر محمد ضیا الحق نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کئے اور سردار محمد یوسف اور بین الاقوامی شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے وزارت مذہبی امور اور جامعہ کے تعلق کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوے بتایا کہ جامعہ کی نامور شخصیات اس وزارت مذہبی امور میں خدمات انجام دے چکی ہیں جن میں ڈاکٹر ایس ایم زمان اور ڈاکٹر ظفر اسحاق انصاری جیسے نام شامل ہیں ۔کانفرنس کی اختتامی تقریب جمعرات کو منعقد ہوگی جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586511