اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبے نے 19 سے 22 اپریل تک پاکستان کا دورہ کیا۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران خصوصی ایلچی اور ان کے وفد نے وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران پاکستانی قیادت نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے او آئی سی کی مستقل حمایت کو سراہا۔
خصوصی ایلچی کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں اور بھارت کی جارحانہ بیان بازی اور رجعت پسندانہ اقدامات کے سنگین اثرات سے آگاہ کیا گیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ کشمیریوں نے اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے حصول اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے لیے فعال مدد کے لیے او آئی سی اور امت مسلمہ پر اعتماد کیا۔
خصوصی ایلچی نے اسلام آباد اور مظفرآباد میں کئی دیگر ملاقاتیں بھی کیں۔ سفیر الدوبے نے کہا کہ فلسطین اور جموں و کشمیر او آئی سی کے ایجنڈے کی اولین ترجیحات میں بدستور شامل ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کی تکالیف کو کم کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔بیان کے مطابق او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر کے طور پر تعیناتی کے بعد سفیر الدوبے کا پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا یہ پانچواں دورہ تھا، یہ دورہ کشمیر کاز کے لیے او آئی سی کے عزم کا اعادہ بھی کرتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587127