سینیٹ کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس، سینیٹ کا اجلاس 20 جون تک جاری رہے گا

24
سینیٹ کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس، سینیٹ کا اجلاس 20 جون تک جاری رہے گا

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):سینیٹ کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی (ایچ بی اے سی ) نے بجٹ سیشن کے شیڈول اور ایجنڈے کی منظوری دے دی جس کے تحت سینیٹ کا رواں اجلاس 20 جون تک جاری رہے گا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سینیٹ کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی (ایچ بی اے سی ) کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کی۔

کمیٹی نے سینیٹ کے 351ویں اجلاس کے دوران پیش کئے جانے والے قانون سازی کے امور پر تفصیل سے غور کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ اجلاس میں دیگر اہم امور کے ساتھ ساتھ مالی سال 2025-26 کے فنانس بل پر بھی بحث کی جائے گی۔ ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے طے کیا کہ سینیٹ کا یہ اجلاس 20 جون 2025ء تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدا ل خان، قائد حزبِ اختلاف سینیٹ سید شبلی فراز، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر عرفان الحق صدیقی، سینیٹر سید علی ظفر، سینیٹر منظور احمد کاکڑ، سینیٹر عطاالرحمن، سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان، سینیٹر راجہ ناصر عباس، سینیٹر کامل علی آغا، وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے شرکت کی۔

سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر نے کمیٹی کو آنے والے اجلاس کے شیڈول اور امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں شریک اراکین نے آئندہ اجلاس کو مؤثر، نتیجہ خیز اور قومی اہمیت کے امور پر مبنی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔