پاک ای پی اے اور اسلام آباد پولیس کی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن دوبارہ شروع

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک-ای پی اے) نے اسلام آباد پولیس کی شراکت داری میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد وفاقی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے گاڑیوں کے اخراج کے ٹیسٹنگ کی اہم مہم دوبارہ شروع کر دی ہے۔ اتوار کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ مہم ان گاڑیوں کو ہدف بنا کر شروع …

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک-ای پی اے) نے اسلام آباد پولیس کی شراکت داری میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد وفاقی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے گاڑیوں کے اخراج کے ٹیسٹنگ کی اہم مہم دوبارہ شروع کر دی ہے۔ اتوار کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ مہم ان گاڑیوں کو ہدف بنا کر شروع کی گئی ہے جو حد سے زیادہ دھواں چھوڑتی ہیں،

تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے صاف ستھری ہوا کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل پاک-ای پی اے نازیہ زیب علی نے کہا ہے کہ ہم نے اسلام آباد میں گاڑیوں کے دھویں کے اخراج کی ٹیسٹنگ مہم شروع کی ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور صحت عامہ پر کاربن اخراج کے مضر اثرات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ ڈی جی پاک-ای پی اے نے مزید کہا کہ یہ سرگرمی 12 جون سے عید کی تعطیلات کے بعد دوبارہ شروع کی گئی ہے ۔معائنہ ٹیمیں جن میں پاک-ای پی اے اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار شامل ہیں،شہر کے دو مصروف مقامات پر تعینات کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو مال کے قریب منڈی پولیس چیک پوسٹ اور اسلام آباد-لاہور روٹ پر واقع فیض آباد انٹرچینج پر ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہایہ چیک پوائنٹس بھاری ٹریفک والے مقامات پر قائم کیے گئے تاکہ مؤثر نگرانی اور قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔دو روزہ مشترکہ معائنہ کے دوران حاصل کردہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ڈی جی پاک-ای پی اے نے بتایا کہ زیادہ تر گاڑیوں کا دھواں اخراج 10 فیصد سے 40 فیصد کی حد میں پایا گیاتاہم ان گاڑیوں کے مالکان کو چالان جاری کیے گئے جن کا اخراج 60 فیصد سے تجاوز کر گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ مہم پاک-ای پی اے اور اسلام آباد پولیس کی ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کے لیے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے اور شہریوں کو ذمہ دارانہ گاڑیوں کی دیکھ بھال کی ترغیب دیتی ہے تاکہ ماحولیاتی تحفظ اور صحت عامہ یقینی بنائی جا سکے۔

ڈی جی نے اسلام آباد کے تمام گاڑی مالکان سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی باقاعدہ سروس کروائیں تاکہ قانونی حد کے اندر رہتے ہوئے اخراج کو برقرار رکھا جا سکے اور ایک ذمہ دار شہری کے طور پر صاف ستھری شہری فضا کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ یہ مہم آئندہ ہفتوں میں اسلام آباد کے دیگر علاقوں میں بھی جاری رکھی جائے گی تاکہ فضائی آلودگی میں پائیدار کمی اور قانون کی مؤثر عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈی جی پاک-ای پی اے نے مزید کہاکہ یہ اقدام پاک-ای پی اے اور اسلام آباد پولیس کے درمیان مشترکہ عزم کی نمائندگی کرتا ہے تاکہ ماحولیاتی قوانین کا نفاذ کیا جا سکے اور پائیدار شہری طرزِ زندگی کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید خبریں