ہر تحصیل میں ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز بنائے جائیں، دیہی علاقوں کے بچوں کیلئے آئی ٹی سہولیات مراکز قائم کئے جائیں، ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی

6
Dr. Zulfiqar Bhatti
Dr. Zulfiqar Bhatti

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی نے تجویز دی ہے کہ ملک کی ہر تحصیل میں ایکسپورٹ پراسیسنگ زون بنائے جائیں، دیہی علاقوں کے بچوں کیلئے ہر تحصیل کی سطح پر آئی ٹی سہولیات مراکز قائم کئے جائیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں بجٹ 26-2025ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اور آئی ایم ایف کی پابندیوں کے باوجود یہ ایک بہترین بجٹ ہے ، ارکان کو چاہئے کہ تنقید کی بجائے اپنی تجاویز دیں۔ وزیر خزانہ نے اپنی بجٹ تقریر میں تمام امور کا احاطہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں سمیت ملک کے تمام طبقات کو ٹیکس دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دان اپنے اثاثے ڈیکلیئر کرتے ہیں ہمیں عوام اور الیکشن کمیشن کو جواب دینا پڑتا ہے اس لئے بیوروکریسی کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے اثاثے قوم کے سامنے لائیں۔ پوری قوم کو مل کر ملک کی بہتری کے لئے کام کرنا ہوگا ،کوئی ایک آدمی اکیلا کچھ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے تجویز دی کہ ترقی کیلئے دیہی علاقوں کو ترقی دینا ہوگی اور جب تک زراعت کی طرف توجہ نہیں دی جائے گی تو معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ہر تحصیل میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون بنانے جائیں ، کاشتکار کی تربیت کا خاطرخواہ انتظام کیا جائے اور اسے بتایا جائے کہ کون سی فصل اس کے لئے بہتر رہے گی۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی رسائی دہی علاقوں تک یقینی بنائی جائے اور دیہی علاقوں میں آئی ٹی سہولیات مرکز بنائے جائیں۔