وزارتِ خزانہ اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان ایک ارب ڈالر کی مشترکہ ٹرم فنانس سہولت پر دستخط

13

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزارتِ خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے پالیسی کی بنیادپرمبنی گارنٹی پروگرام امپروڈ ریسورس موبلائزیشن اینڈ یوٹیلائزیشن کے تحت جزوی ضمانت شدہ ایک ارب ڈالر کی مشترکہ ٹرم فنانس سہولت پر دستخط کر دیئے ہیں۔وزارت خزانہ کی جانب سے بدھ کویہاں جاری بیان کے مطابق تاریخی معاہدے میں دبئی اسلامی بینک نے’’سول اسلامک گلوبل کوآرڈینیٹر‘‘ کے طور پر خدمات انجام دیں جبکہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے ’’مینڈیٹڈ لیڈ ارینجر اور بُک رنر‘‘ کا کردار ادا کیا،دیگر مالیاتی اداروں میں ابو ظہبی اسلامک بینک ’’مینڈیٹڈ لیڈ ارینجر‘‘ کے طور پر شامل جبکہ شارجہ اسلامک بینک، عجمان بینک اور حبیب بینک لمیٹڈ ’’ارینجرز‘‘ کے طور پر اس سہولت میں شریک ہیں۔

یہ سہولت حکومتِ پاکستان کے لئے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے اوراس سے خطے کے سرکردہ مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کی بھرپور حمایت کی عکاسی ہورہی ہے۔یہ پانچ سالہ کثیر اقساط پر مشتمل مالی سہولت ہے جس میں اسلامی اور روایتی دونوں اقسام کی مالیات شامل ہیں۔ اسلامی مالیات اکائونٹنگ اینڈ آڈٹنگ آرگنائزیشن فار اسلامک انسٹی ٹیوشنز کے معیار کے مطابق تشکیل دیا گیا ہے جو مجموعی مالی سہولت کا 89 فیصد ہے جبکہ باقی 11 فیصد روایتی مالیات پر مشتمل ہے۔ بیان کے مطابق یہ ٹرانزیکشن ایشیائی ترقیاتی بینک کی مبنی برپالیسی گارنٹی کے تحت حاصل ہونے والی پہلی ایسی سہولت ہے جو کسی رکن ملک کو اصلاحاتی پالیسیوں کی وجہ سے ملی ہوں، اس تناظر میں پاکستان پہلا ملک ہے

جس نے اس نوعیت کی معاونت حاصل کی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے یہ پروگرام پاکستان کی طویل مدتی مالیاتی استحکام اور مضبوطی کے قیام میں مدد فراہم کرنے کے لئے تیار کیا ہے، اس سے بین الاقوامی کمرشل مارکیٹ میں دوبارہ داخلہ کی راہ ہموار ہوئی ہے جس میں مشرق وسطیٰ کے بینکوں کی جانب سے خاصی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے۔بیان کے مطابق تقریباً دو سال چھ ماہ بعد پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی مالیاتی مارکیٹ میں کامیابی سے واپسی کی ہے جو ملک کے مالیاتی استحکام اور معاشی اشاریوں میں مجموعی بہتری پر مارکیٹ کے اعتماد کی غمازی کرتا ہے۔ معاہدہ حکومتِ پاکستان اور مشرق وسطیٰ کے بینکوں کے درمیان ایک نئی شراکت داری کی شروعات کا بھی اعلان ہے۔