اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):مشینیری گروپ کی درآمدات میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر14فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔سٹیٹ بینک اورپی بی ایس کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 11ماہ میں مشینیری گروپ کی درآمدات پر8.641ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 14فیصدزیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشینیری گروپ کی درآمدات پر7.608ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواتھا،مئی 2025میں مشینیری گروپ کی درآمدات کاحجم 914ملین ڈالرریکارڈکیاگیا کواپریل کے مقابلہ میں 15فیصدکم اورگزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 8فیصدزیادہ ہے،
اپریل میں مشینیری گروپ کی درآمدات کاحجم 1.079ارب ڈالراورگزشتہ سال مئی میں 848ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا،واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 11ماہ میں مجموعی ملکی درآمدات کاحجم 53.55ارب ڈالرریکارڈکیاگیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 49.81ارب ڈالرکے مقابلہ میں 7.5فیصدزیادہ ہے۔