لاہور۔19جون (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں اللہ تعالی نے پاکستان کو عزت بخشی اور رب کریم کی مدد سے ملک کا وقار بین الاقوامی سطح پر بلند ہوا۔ وہ جمعرات کو پیپلز پارٹی ویمن ونگ ڈسٹرکٹ فور کی سابق صدر پروین شیخ کے شوہر، شیخ یونس مرحوم کی وفات پر ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاون میں تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن چودھری اسلم گل، صداقت شیروانی، شیخ عرفان، رانا ذوالفقار، عمر ایاز اور ڈاکٹر وسیم نے گورنر پنجاب کا استقبال کیا۔
علامہ یوسف اعوان نے مرحوم شیخ یونس کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کرائی جس میں محترمہ نورین عارف، عذرا شجاع، نگہت منان، شاہین شیخ، ثریا انور، الفت انور، شبانہ گل، افشاں نوید، مسز زاہد اور مسز صفیہ خورشید نے شرکت کی۔گورنر پنجاب نے محترمہ پروین شیخ کو ایک کمٹڈ پارٹی کارکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسی مخلص کارکنان پارٹی کا سرمایہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ پارٹی پرچم کو بلند رکھا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے لاہور میں پارٹی تنظیمی صدر کا تقرر نہیں ہو سکا، تاہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وطن واپسی پر ایک وفد کے ہمراہ ملاقات کی جائے گی تاکہ تنظیمی ڈھانچے کو مکمل کیا جا سکے۔