ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ظفر اقبال جھگڑا کی ملاقات سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

8
Deputy Chairman Senate
Deputy Chairman Senate

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق گورنر و مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن و سابق سینیٹر ظفر اقبال جھگڑا نے یہاں ملاقات کی اور ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے موجودہ حالات میں پارلیمان کے موثر کردار، جمہوری استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نےکہا کہ موجودہ حکومت ایک متوازن، عوام دوست اور ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے جس میں بالخصوص غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بےروزگاری جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

سینیٹر ظفر اقبال جھگڑا نے کہا کہ معاشی خودکفالت، شفافیت اور کفایت شعاری کے اصولوں پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بلوچستان، سابق فاٹا اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع اور سکیورٹی کی بہتری کے لئے خصوصی پیکجز ترتیب دیے جانے چاہئیں۔

دونوں رہنمائوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی، قومی یکجہتی اور امن و استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔ ملاقات میں موجودہ قومی و علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و سلامتی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پارلیمان ملکی پالیسی سازی میں ایک فعال اور کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا اور تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا وقت کی ضرورت ہے۔