اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل سے برطانیہ کے پاکستان کے لیے تجارتی ایلچی محمد یاسین نے ملاقات کی ۔ بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اشتراک عمل کو بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
شرکا ءنے ٹیکنالوجی، زراعت، ٹیکسٹائل اور قابل تجدید توانائی جیسے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے شعبوں میں موجود وسیع تجارتی امکانات پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کی معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ ملاقات میں آئندہ ہونے والے پاکستان۔برطانیہ ٹریڈ ڈائیلاگ پر بھی تبادلہ خیال ہوا جسے فریقین نے شراکت داری کو گہرا کرنے، تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔
تجارتی مصنوعات و خدمات کی تنوع سے متعلق حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی جن میں فارماسیوٹیکل، آئی ٹی سروسز اور گرین ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تجارت کو وسعت دینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔فریقین نے تجارتی حجم میں اضافے اور اختراعات پر مبنی تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔