سنگاپور ۔26جون (اے پی پی):امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے خبردار کیا ہے کہ چین ایشیا میں طاقت کے توازن کو بگاڑنے کے لیے فوجی طاقت کے استعمال کے لیے تیاری کر رہا ہے اور کہا کہ اس صورتحال میں امریکہ خطے میں موجود ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنگاپور میں سالانہ سکیورٹی کانفرنس ’شنگریلا ڈائیلاگ‘ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’چین کی طرف سے خطرہ حقیقی ہے اور جلد سامنے آنے والا ہے۔ چین فوجی طاقت استعمال کر کے انڈو پیسفک ریجن میں طاقت کا توازن تبدیل کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’چین کی فوج تائیوان پر حملہ کرنے کے لیے جنگی مشقیں کر رہی ہے۔کانفرنس میں موجود چینی فوج کے نمائندے نے اس تقریر کو ’بے بنیاد الزامات‘ قرار دیا۔
جبکہ سنگاپور میں چین کے سفارتخانے نے اس تقریر کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’اشتعال انگیزی‘ کہا۔امریکی وزیر دفاع کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان ٹیرف کے معاملے پر تجارتی جنگ جاری ہے اور امریکی صدر فلپائن کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھا رہے جس کے علاقے پر چین کا دعویٰ ہے۔ہیگستھ نے کہا کہ امریکہ ’کمیونسٹ چین کی جارحیت کو روکنے کے لیے دوبارہ پیش قدمی کر رہا ہے۔‘ انہوں نے ایشیا میں امریکی اتحادیوں اور شراکت داروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر اپنے دفاع کو تیزی سے اپ گریڈ کریں۔