گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی و آبی وسائل اویس منظور سمرا اور وزارت آبی وسائل کے ایڈیشنل سیکرٹری مہر علی شاہ نے ملاقات کی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی اور وزارت آبی وسائل کے ایڈیشنل سیکرٹری کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی و آبی وسائل اویس منظور سمرا اور وزارت آبی وسائل کے ایڈیشنل سیکرٹری مہر علی شاہ نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران چشمہ لفٹ کینال منصوبے سمیت مختلف آبی منصوبوں اور صوبے کو درپیش پانی سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ چشمہ لفٹ کینال منصوبہ خیبرپختونخوا کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے اور اس منصوبے پر جلد از جلد عملی کام کا آغاز کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف خیبرپختونخوا ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی معاشی اور زرعی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ملاقات میں کچھی کینال منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ملک میں آبی وسائل کے مؤثر استعمال، پانی کے تحفظ اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پرگورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انڈس واٹر کے حوالے سے گورنر ہاؤس پشاور میں ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا جائے گاجس میں آبی وسائل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین، متعلقہ اداروں کےنمائندوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا تاکہ پانی کے مسائل اور ان کے پائیدار حل پر جامع مشاورت کی جا سکے۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ ملک کی ترقی اور زرعی شعبے کے استحکام کے لئے آبی وسائل کے مؤثر اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔







