نایاب پینگولن بحفاظت ریسکیو،طبی امداد کے بعد وائلڈ لائف سینگچوری بھکر پلانٹیشن میں آزاد کر دیا گیا

سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب صوبہ میں جنگلی جانوروں کی بازیابی اور ریسکیو سرگرمیوں میں ہمہ وقت مصروف عمل ہے

لاہور۔17اگست (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب صوبہ میں جنگلی جانوروں کی بازیابی اور ریسکیو سرگرمیوں میں ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور ایسی ہی ایک کامیاب کوشش کے نتیجے میں وائلڈ لائف رینجر ز بھکر نے سوشل میڈ یا پر وائرل ایک رپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسکن سے بھٹکی ایک نایاب خطرے سے دو چار پینگولن کو تحصیل منکیرہ سے بحفاظت ریسکیو کرکے ضروری طبی امداد کے بعد وائلڈ لائف سینگچوری بھکر پلانٹیشن میں آزاد کردیا۔تفصیل کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل اس رپورٹ پر کہ تحصیل منکیرہ کے ایک مضافاتی گائوں چک نمبر 216 ٹی ڈی اے کے مقامی زمیندار ملک فاروق اعوان کے کھیتوں میں ایک نایاب جنگلی جانور بھٹک رہا ہے جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر بھکر محمد طارق خان نے غلام عباس شاہ سینئر وائلڈ لائف رینجر منکیرہ کو جائے وقوعہ پر بھیجا،جنہوں نے وائلڈ لائف رینجرز کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر نایاب جنگلی جانور پینگولن کو بحفاظت ریسکیو کیا اور ضروری طبی امداد اور بحالی کیلئے منی زو بھکر منتقل کیا جہاں پر ضروری طبی امداد کے بعد نایاب پینگولن کو واپس اس کے قدرتی مسکن وائلڈ لائف سینگچوری بھکر پلانٹیشن میں آزاد کر دیا۔یاد رہے کہ جنگلی جانور پینگولن ممالیہ کلاس سے تعلق رکھتا ہے اور انتہائی شریف اور بے ضررجانور ہے،جو ماحول سے روزانہ لاکھوں چیونٹیاں،کیڑے مکوڑے اور حشرات الارض چٹ کرکے بہترین پیسٹ کنٹرولر کا کردار ادا کرتا ہے ۔