اسلام آباد، 17 اگست (اے پی پی): امامِ کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
امامِ کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس کا حافظ طاہر اشرفی کو ٹیلی فون، باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلۂ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):امامِ کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں نے عالمِ اسلام کی موجودہ صورتحال اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ یہاں جاری بیان کے مطابق شیخ عبدالرحمن السدیس نے اس معاہدے کو امتِ مسلمہ، بالخصوص پاکستان، مملکت سعودی عرب اور ترکیہ کے لیے خیر، سلامتی اور باہمی اتحاد کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغۂ امتیاز کے لیے نامزد کیے جانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارضِ حرمین شریفین سے ان کی محبت اور اسلام و مسلمانوں کے لیے ان کی خدمات قابلِ ستائش اور قابلِ فخر ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے شیخ عبدالرحمن السدیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ ایمان، عقیدے اور اخوت کے لازوال رشتے ہیں۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان موجودہ دفاعی معاہدہ عالمِ اسلام کی وحدت، اتحاد اور اجتماعی سلامتی کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ ارضِ حرمین شریفین سے والہانہ محبت رکھتی ہے۔ عالمِ اسلام خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم امیر محمد بن سلمان اور سعودی عوام کی حرمین شریفین کے لیے خدمات کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دنیا کا ہر کلمہ گو مسلمان ارضِ حرمین شریفین کی سلامتی، دفاع اور استحکام کے لیے مملکت سعودی عرب کے شانہ بشانہ ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام ہمیشہ اس عزم کا اعادہ کرتے آئے ہیں کہ حرمین شریفین کی سلامتی و استحکام کے لیے ہر وقت حاضر ہیں، اور موجودہ دفاعی معاہدے کے بعد ہمیں یہ کہنے پر مزید فخر ہے کہ ہم مملکت سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ محافظِ حرمین شریفین ہیں۔شیخ عبدالرحمن السدیس نے پاکستان کی قیادت، وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ اپنے حفظ و امان میں رکھے، اسے امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے اور ہر قسم کے شرور و فتن سے محفوظ رکھے۔ آمین۔







