اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے جمعرات کو نیشنل ٹیرف کمیشن (این ٹی سی) اسلام آباد کا دورہ کیا تاکہ اس کے مینڈیٹ ، آپریشنل صلاحیت اور ادارہ جاتی صلاحیت کا جائزہ لیا جا سکے ۔
جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق دورے کے دوران این ٹی سی کے چیئرمین اور سینئر عہدیداروں نے معاون خصوصی کو کمیشن کی بنیادی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جس میں ٹیرف کے معاملات پر حکومت سے مشاورت ، اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی ، کائونٹر ویلنگ ڈیوٹی اور حفاظتی اقدامات کے قوانین کو نافذ کرنا شامل ہے ۔
رانا احسان افضل خان نے این ٹی سی کے کام کو سراہا اور کمیشن کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے این ٹی سی کو جدید آلات سے آراستہ کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔رانا احسان افضل نے کہا کہ این ٹی سی کو آج کے متحرک عالمی تجارتی ماحول میں پاکستان کے معاشی مفادات کے موثر تحفظ کے لیے ڈیٹا پر مبنی ، ٹیک سے چلنے والے ادارے کے طور پر تیار ہونا چاہیے ۔