اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک اور نیشنل کریڈٹ گارنٹی کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمار حبیب کے درمیان ملاقات میں پاکستان میں گرین ڈویلپمنٹ کے فروغ کے لئے ممکنہ مالیاتی اشتراک پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ جمعرات کو وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے AAA ریٹنگ حاصل کرنے والی این سی جی سی ایل نے گرین فنانسنگ کے لئے 10 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جو کہ ایک منظم گارنٹی پروگرام کے تحت دی جائے گی۔
اس مفاہمتی فریم ورک کے تحت این سی جی سی ایل وزارت کے اشتراک سے 10 ارب روپے کی سرمایہ کاری پر مشتمل مالیاتی گارنٹیز فراہم کرے گی۔ یہ گارنٹیز میزنین فنانسنگ، کنورٹیبل اور پریفرڈ بانڈز، کریڈٹس، ایکوٹیز اور انٹرنل ریٹ آف ریٹرن جیسے مالیاتی ڈھانچوں پر مبنی ہوں گی جو مختلف منصوبوں کی معاشی فعالیت کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔
یہ معاہدہ وزارت کے اس عزم کی غمازی کرتا ہے کہ وہ پاکستان میں ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار اور اقتصادی طور پر موثر منصوبہ جات کے لئے سازگار مالیاتی ماحول فراہم کرے بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کی قیادت میں ابھرتے ہوئے گرین انٹرپرینیورز کو عالمی سطح پر متعارف کروانے کے لئے سہولیات فراہم کرے۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے اس تعاون کو "گرین فنانسنگ” کو مرکزی دھارے میں لانے اور ماحولیاتی اہداف کے حصول میں نجی شعبے کی شراکت کو متحرک کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔