لاہور۔30جون (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے مون سون الرٹ فیکٹ شیٹ جاری کردی ۔فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کی صورتحال، پنجاب کے دریاوں، بیراجز اور ڈیمز میں پانی کی سطح بارے اورمون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات بارے اعدادوشمار شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور، شیخوپورہ، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ ،حافظ آباد اور ڈیرہ غازی خان میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ترجمان کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 18 شہری جاں بحق ہوئے ،27 گھر متاثر اور 57 شہری زخمی ہوئے۔
جاں بحق افراد میں 11 بچے، 3خواتین اور 7 مرد شامل ہیں ،زیادہ اموات کچے مکانات،خستہ عمارتوں و چھتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں ۔خانیوال اور اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 شہری جاں بحق ہوئے ۔منڈی بہاوالدین میں 2 بچے بجلی کا کرنٹ لگنے کے باعث جان بحق ہوئے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ حکومتی ہدایات کے مطابق سوگوار خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے گی جبکہ مون سون بارشوں کا پہلا سپیل یکم جولائی تک جاری رہے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پنجاب کے تمام دریاوں اور بیراجز میں پانی کا بہاو نارمل سطح پر ہے۔ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کے انتظامات مکمل ہیں۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ لاہور، سیالکوٹ،فیصل آباد اور گوجرانولہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،بڑے شہروں کی انتظامیہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہے۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز مسلسل صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی ڈی ایم اے کی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر واسا و انتظامیہ کو نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی یقینی بنانے کی ہدایات کردی گئی ہے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے بھی دریاوں نہروں اور برساتی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے،خلاف ورزی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں ، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔