وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کا مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس کا دورہ

50

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):محرم الحرام سکیورٹی پلان کے جائزہ کے لئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس کا دورہ کیا اور امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات کی اور انتظامات کے بارے استفسار کیا۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے عزاداروں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی و دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات کی اور انتظامات کے بارے پوچھا-منتظمین نے سکیورٹی و دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر جامع سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور سرویلنس کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ بزدل دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر۔ گلگت بلتستان اور تمام صوبوں میں ان کی درخواست پر فوج کی تعیناتی کی منظوری دی جا چکی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ فوج صوبوں میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے موجود رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ایس ایس پی شعیب بھی اس موقع پر موجود تھے۔