پاکستان منگل کو ایک ماہ کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا

14
Asim Iftikhar Ahmed
Asim Iftikhar Ahmed

اقوام متحدہ۔30جون (اے پی پی):پاکستان کل منگل کو جولائی کے مہینے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے 15 رکنی سلامتی کونسل کے کام کی نگرانی کرتے ہوئے کثیرالجہتی اور بین الاقوامی قانون کو برقرار رکھنے کا عہد کیا۔پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ میں اے پی پی کے نمائندے کو بتایا کہ پاکستان کی صدارت شفاف، جامع اور جوابدہ ہوگی۔ پاکستان کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر صدارت 2 سالہ مدت کا حصہ ہے، جس کا آغاز جنوری 2025 میں ہوا۔ صدارت ہر ماہ سلامتی کونسل کے 15 اراکین کے درمیان حروف تہجی کی ترتیب سے ہوتی ہے۔ پاکستان اس سے قبل 53۔1952 ،69۔1968 ،77۔1976 ، 94۔1993 ، 13۔2012 ، 04۔2003 سلامتی کونسل کی صدارت کر چکا ہے۔

پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد ، جو جولائی میں اہم عالمی امور پر سلامتی کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے، نے کہا کہ وہ پیچیدہ جغرافیائی سیاسی منظر نامے، بڑھتے ہوئے عدم استحکام اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات، بڑھتے ہوئے تنازعات اور گہرے ہوتے انسانی بحرانوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ رواں ماہ جولائی کی صدارت کے دوران پاکستان کثیرالجہتی اور تنازعات کے پرامن حل، اور اقوام متحدہ۔اسلامتی تعاون تنظیم (او آئی سی)تعاون پر2 اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی میزبانی کرنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موضوعات بین الاقوامی امن و سلامتی کو فروغ دینے میں مشترکہ ترجیحات جیسے کثیرالجہتی، تنازعات کے پھیلائو اور کشیدگی کو روکنے کے لئے سفارت کاری اور علاقائی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے عکاس ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور افریقہ، یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکا میں پیش رفت سمیت اہم عالمی مسائل پر توجہ مرکوز رہے گی۔

پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد پہلے ہی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے ساتھ ملاقات کر چکے ہیں اور انہیں جولائی میں سلامتی کونسل کے کام کے پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔ پاکستانی مندوب نے انٹرویو میں کہا کہ ایک ایسے ملک کے طور پر جس نے مسلسل بات چیت اور سفارت کاری کی وکالت کی ہے، پاکستان سلامتی کونسل کے کام کے لئے ایک اصولی اور متوازن نقطہ نظر لاتا ہے جو اس کے اپنے تجربے اور اقوام متحدہ کی امن سازی اور قیام امن کی کوششوں میں دیرینہ شراکت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم چارٹر کے تحت اپنی بنیادی ذمہ داری اور اقوام متحدہ کی وسیع تر رکنیت کی توقعات کے مطابق سلامتی کونسل کی طرف سے اجتماعی، بروقت اقدامات کے لئےکونسل کے تمام اراکین کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ پاکستان 193 میں سے 182 ووٹ لے کر زبر دست حمایت کے ساتھ سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہواتھا ۔