اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسداد پولیو کے لئے کوششیں مزید تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں،پولیو ورکرز کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے،صوبائی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ فریقین کو پولیو کے خاتمے کے لئے یکجان ہو کر کام کرنا ہوگا۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انسداد پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے صدر و صدر گلوبل ڈیویلپمنٹ ، گیٹس فائونڈیشن ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس کی زیر قیادت پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود حکومت اپنے بین الاقوامی اور صوبائی ،مقامی تمام ٹیم کے مدد سے پاکستان سے انسداد پولیو کے ہدف کو جلد حاصل کر لے گی،ہم پاکستان کے ہر بچے کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے اور پولیو فری پاکستان کا عزم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پوری لگن اور سنجیدگی کے ساتھ اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ ملک بھر کے ہر بچے کو ویکسین کی متعدد خوراکیں ملیں اور وہ پولیو سے محفوظ رہے،فرنٹ لائن ورکرز کی لگن، حکومت پاکستان کے عزم اور پارٹنرز کے تعاون سے پاکستان نے پولیو کے خلاف اہم پیش رفت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسداد پولیو کے لئے صوبائی ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں اور تعاون لائق تحسین ہیں،پولیو ورکرز کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے،صوبائی حکومتوں سمیت تمام متعلقہ فریقین کو پولیو کے خاتمے کے لئے یکجان ہو کر مزید تیزی سے کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے تمام شراکت داروں کے شکر گزار ہیں جو پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں،سعودی ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کا بھی شکر گزار ہوں جو کی انسداد پولیو میں پاکستان کا ہر طرح سے ساتھ دے رہے ہیں،پاکستان میں انسداد پولیو مہم میں بل گیٹس فائونڈیشن سمیت تمام شراکت داروں نے بہت اہم اور قابل تحسین کردار ادا کیا ہے ۔ اجلاس کو انسداد پولیو کے حوالے سےبریفنگ دی گئی ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوبی خیبر پختونخوا کے علاقوں میں پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لئےہر ضلع میں درپیش مسائل کی نسبت سے مخصوص انسداد پولیو مہم تشکیل دی جا رہی ہے،پاکستان میں انسداد پولیو مہم نہ صرف بچوں میں پولیو کیسز بلکہ اس کی ماحولیاتی موجودگی کو ختم کرنے میں بھی کوشاں ہیں،پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے اراکین میں ریجنل ڈائریکٹر عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجے سکیرا، کے ایس ریلیف سعودی عرب کے ڈاکٹر زیاد میمیش ،روٹری انٹرنیشنل کے مائیک میکگورن اور ٹرسٹی روٹری کے عزیز میمن شامل تھے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال ، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، انسداد پولیو پر وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق ، چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز ، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے چیف کمشنر ، انسداد پولیو کے نیشنل کوآرڈینیٹر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔