یومِ عاشورہ اسلامی تاریخ کا ایک درخشاں اور لازوال باب ہے، جو ہمیں قربانی، حق گوئی اور عزمِ صمیم کا پیغام دیتا ہے، صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری کا یوم عاشورہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام

72
President Asif Ali Zardari
President Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یومِ عاشورہ اسلامی تاریخ کا ایک درخشاں اور لازوال باب ہے، جو ہمیں قربانی، حق گوئی اور عزمِ صمیم کا پیغام دیتا ہے۔یہ دن نواسۂ رسول ﷺ , حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کے جانثار رفقاء کی عظیم شہادت کی یاد دلاتا ہے، جو باطل کے خلاف ایک ابدی جدوجہد کی علامت ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے یوم عاشورہ 1447ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یہ دن نہ صرف قربانی، وفا اور صبر کی ایک بے مثال داستان ہے بلکہ ایک روشن چراغ بھی ہے جو ہر دور کے اندھیروں میں حق اور سچائی کا راستہ دکھاتا ہے ۔

امامِ عالی مقام کی شہادت کسی سیاسی یا وقتی مصلحت کا نتیجہ نہ تھی، بلکہ یہ ایک الٰہی مشن تھا جس کی بنیاد صداقت، عدل اور خدا کی رضا تھی۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کی سرزمین پر صرف ایک جنگ نہیں لڑی گئی، بلکہ وہاں ضمیر، کردار، اور دین کی اصل روح کا امتحان تھا۔

صدر مملکت نے کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جانثاروں نے بھوک، پیاس اور موت کی شدت کو قبول کر کے تاریخِ انسانیت کو وہ سبق دیا جسے زمانہ کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ ان کا پیغام آج بھی زندہ ہے اور یہ اصولوں پر ڈٹ جانے کا، ظلم و جبر کے سامنے نہ جھکنے کا اور حق کی خاطر ہر قربانی دینے کا عظیم پیغام ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج اگر ہم اپنے ملک کو درپیش چیلنجز پر غور کریں تو محسوس ہوگا کہ ہمیں بطور قوم حسینی کردار کی سخت ضرورت ہے۔ ہمیں امام حسین رضی اللہ عنہ کے راستے پر چلتے ہوئے نہ صرف اپنے نفس کی اصلاح کرنی ہے بلکہ اپنے نظامِ حکمرانی، سماجی رویوں، اور قومی ترجیحات کو بھی ایمانداری، شرافت اور فلاحِ عامہ پر استوار کرنا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں آج یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو امام حسین رضی اللہ عنہ کے پیغامِ حریت اور عدل کا مظہر بنائیں گے اور بھائی چارے، محبت، رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں گے۔میری اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمیں امام حسین رضی اللہ عنہ کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہمارے دلوں میں غیرت ایمانی، جرات ، تقویٰ، صبر و ایثار پیدا فرمائے اور ہمارے ملک پاکستان کو استحکام، خوشحالی اور باہمی محبت کا گہوارہ بنائے۔\932