اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کےمرکزی جنرل سیکرٹری ہمایوں خان نے سانحہ سوات پر افسوس اور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے سوات میں سیاحوں کی اموات کی ذمہ دار خیبرپختونخوا کی حکومت اور انتظامیہ ہے،اخلاقی طور پر خیبرپختونخوا حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں صدر خیبر پختونخوا محمد علی باچہ و دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس …
دریائے سوات میں سیاحوں کی اموات کی ذمہ دار خیبرپختونخوا کی حکومت اور انتظامیہ ہے، ہمایوں خان کی پریس کانفرنس

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کےمرکزی جنرل سیکرٹری ہمایوں خان نے سانحہ سوات پر افسوس اور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے سوات میں سیاحوں کی اموات کی ذمہ دار خیبرپختونخوا کی حکومت اور انتظامیہ ہے،اخلاقی طور پر خیبرپختونخوا حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں صدر خیبر پختونخوا محمد علی باچہ و دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ہمایوں خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے 12 سالہ دور کی ناکامیاں سب کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دریائے سوات میں سیاحوں کے ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا،پیپلزپارٹی نے سانحہ سوات پر اپنے افسوس کا اظہار اور مذمت کی تھی اورگورنر پنجاب، چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور پی پی خیبرپختونخوا سوات واقعہ میں جاں بحق ہونے والے سیاحوں کے گھر بھی گئے تھے،گورنر کے پی نے سوات واقعہ میں سیاحوں کو بچانے کی کوشش کرنے والوں کیلئے انعام اور عمرہ ٹکٹ کا اعلان کیا ۔
انہوں نے کہا کہ سوات واقعہ سے متعلق صوبائی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ سامنے آ چکی ہے،سوات واقعہ کی انکوائری میں ریسکیو اہلکاروں اور ضلعی انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے،2010ء کے سیلاب میں پی پی کی صوبائی حکومت نے ہیلی کاپٹر بھجوائے تھے،2010ء کے سیلاب میں پیپلزپارٹی نے ہر ممکن ریسکیو آپریشن کیا تھا سوات واقعہ پر پی ٹی آئی کے ذمہ داران کے افسوسناک بیانات سامنے آئے،سوات واقعہ کے ذمہ دار انتظامیہ سے بڑھ کر صوبائی حکومت ہے،اخلاقی طور پر خیبرپختونخوا حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہئے، ریسکیو اہلکار رسیوں اور ٹیوب سمیت جیکٹ تک سے محروم تھے،ریسکیو 1122 میں سفارشی بھرتی کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جنگلات کی بدترین کٹائی کی جا رہی ہے،خیبرپختونخوا میں سیلاب کے دوران انتظامیہ سامان سے محروم تھی خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا کا راج ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے 12سال سے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے،حکومت میں آنا بہت بڑی ذمہ داری ہے ،بد قسمتی سے پچھلے 12 سال سے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت چلی آ رہی ہے،سوات واقعہ ہوا، کئی افراد کی جانیں چلی گئیں ،تین چار گھنٹے چیخ وپکار کرتے رہے کوئی بچانے نہیں آیا،ہیلی کاپٹر پتہ نہیں کہاں تھے ؟ہمارے دور میں بھی سیلاب آیا ،ہم نے پہلے کاپٹر بھیج کر بچایا ،ان لوگوں کی اموات کی ذمہ دار خیبرپختونخوا کی حکومت اور انتظامیہ ہے ۔
وزیر اعلیٰ کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ سوات واقعہ میں مردان سے تعلق رکھنے والے سیاح جاں بحق ہوئے،دریائے سوات میں سیاح کنارے سے 100 فٹ کے فاصلے پر پھنسے تھے،دو گھنٹے تک سیاح دریائے سوات میں مدد کیلئے پکارتے رہے،دو گھنٹے تک سوات انتظامیہ سیاحوں کی مدد کیلئے نہیں پہنچ سکی۔
انہوں نے کہا کہ 18 سیاحوں کے جاں بحق ہونے کی ذمہ داری کے پی حکومت پر آتی ہے،ہلال احمر خیبرپختونخوا نے سوات کیلئے دو ایمبولینس کا عطیہ دیا ہے،مالا کنڈ ڈویژن میں مون سون کے دوران سیلاب کا خدشہ رہتا ہے،سانحہ سوات کے ذمہ دار سوات کی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ڈیپارٹمنٹ ہے،سوات واقعہ کی ذمہ داری ٹوور ازم ڈیپارٹمنٹ، وزارت آبپاشی پر بھی عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کو فوری طور پر عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہئے، پیپلزپارٹی نے سوات واقعہ پر وزیراعلیٰ کے پی کے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں شہری مر رہے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی اور صوبائی کابینہ لاہور میں مزے کر رہے ہیں۔








