صدر مملکت ممنون حسین کی حبیب پبلک اسکول کراچی کے طلبہ کے وفد سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دنیا تیز رفتار تبدیلیوں کی زد میں ہے جن سے خود کو ہم آہنگ کرنے کے لیے پاکستانی طلبا خوب محنت کریں تاکہ وطن عزیز ترقی کر کے اقوام عالم میں حقیقی مقام حاصل کر سکے۔ صدر مملکت نے یہ بات حبیب پبلک اسکول کراچی کے طلبہ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے …

اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دنیا تیز رفتار تبدیلیوں کی زد میں ہے جن سے خود کو ہم آہنگ کرنے کے لیے پاکستانی طلبا خوب محنت کریں تاکہ وطن عزیز ترقی کر کے اقوام عالم میں حقیقی مقام حاصل کر سکے۔ صدر مملکت نے یہ بات حبیب پبلک اسکول کراچی کے طلبہ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صدر مملکت کو حبیب پبلک اسکول کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ تحقیق پر توجہ دیے بغیر دنیا کی کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، اس لیے نوجوان زندگی کے مختلف شعبوں میں تحقیق کو اپنا شعار بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ انفارمیشن اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز مستقبل کی ٹیکنالوجیز ہیں جن میں پاکستان کی نئی نسل کو خصوصی مہارت حاصل کرنی چاہیے تاکہ وہ نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر وطن عزیز کی خدمت کر سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حبیب پبلک اسکول اور کراچی کے تعلیمی اداروں نے ماضی میں بڑا نام پیدا کیا اور کھیل سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں بڑے بڑے نام پیدا کیے لیکن گزشتہ کچھ عرصے کے دوران کراچی اپنی امتیازی حیثیت برقرار نہ رکھ سکا، لہذا ضروری ہے کہ کراچی کے تعلیمی ادارے ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیں تاکہ زندگی کے مختلف شعبوں میں ملک وقوم کی خدمت کرنے والے نوجوان پھر سامنے آنے لگیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حبیب پبلک اسکول کو پہل کرنی چاہیے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے جس کی ترقی اور حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ اس فریضے کی ادائیگی صرف اسی صورت میں ممکن ہو سکے گی اگر ہماری نوجوان نسل پوری احساس ذمہ داری کے ساتھ تعلیم پر توجہ دے کر قومی ترقی کے حقیقی معمار بن جائیں۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔

Leave a Reply