مچل سٹارک نے اپنا 100 واں ٹیسٹ یاد گاربنالیا،کیریئر کا بہترین سپیل، 78 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

جمیکا۔15جولائی (اے پی پی):آسٹریلیا کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر مچل سٹارک نے اپنے 100 ویں ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 400 وکٹیں مکمل کر کے یادگار بنالیا ۔ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے کنگسٹن میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں مچل سٹارک نے محض 9 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیسٹ …

جمیکا۔15جولائی (اے پی پی):آسٹریلیا کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر مچل سٹارک نے اپنے 100 ویں ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 400 وکٹیں مکمل کر کے یادگار بنالیا ۔ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے کنگسٹن میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں مچل سٹارک نے محض 9 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیسٹ کیریئر کی بہترین بائولنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی 176 رنز سے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس میچ میں انہوں نے اپنے کیریئر کی 400 ویں وکٹ بھی حاصل کی، وہ بھی ایک ایسے اوور میں جس میں انہوں نے لگاتار 3وکٹیں لے کر تباہی مچائی۔35 سالہ مچل سٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے سپیل کی صرف 15 گیندوں پر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹیسٹ کرکٹ میں کم سے کم گیندوں پر 5 وکٹیں مکمل کرنے کا 78 سال پرانا ریکارڈ توڑا۔اس سے قبل 1947 میں آسٹریلیا کے ایرنی توشاک نے بھارت کے خلاف اپنے سپیل کی 19 گیندوں پر 5 وکٹیں لی تھیں۔

مچل سٹارک نے اپنے گزشتہ 4ٹیسٹ میچوں میں 16.45 کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کی ہیں، جن میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل بھی شامل ہے۔ ان کی حالیہ فارم قابلِ ستائش رہی ہے ۔مچل سٹارک نے ماضی میں ڈے نائٹ ٹیسٹ پر سوالات اٹھائے تھے لیکن وہ اس فارمیٹ میں 17.08 کی اوسط سے 81 وکٹیں لے چکے ہیں۔

مزید خبریں