لاہور۔20جولائی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بڑے دریائوں میں مون سون بارشوں کے باعث فلڈ الرٹ جاری کردیا ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور سندھ میں مون سون بارشوں کے باعث پانی میں اضافے اور سیلاب کا خدشہ ہے، 21 سے 24 جولائی کے دوران پنجاب کے دریائوں میں سیلابی صورتحال بن سکتی ہے جبکہ دریائے چناب، جہلم، راوی، …
پی ڈی ایم اے کا پنجاب کے بڑے دریائوں میں مون سون بارشوں کے باعث فلڈ الرٹ جاری

مزید خبریں
لاہور۔20جولائی (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بڑے دریائوں میں مون سون بارشوں کے باعث فلڈ الرٹ جاری کردیا ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور سندھ میں مون سون بارشوں کے باعث پانی میں اضافے اور سیلاب کا خدشہ ہے، 21 سے 24 جولائی کے دوران پنجاب کے دریائوں میں سیلابی صورتحال بن سکتی ہے جبکہ دریائے چناب، جہلم، راوی، ستلج ، سندھ اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، جس سے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کو تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اس سلسلے میں لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے متعلقہ محکموں سے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں،ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا اسٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے اورعوام کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے،دریائوں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلا کو یقینی بنائیں،فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام محکموں کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل اورہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب آپ کا اور آپ کے مال مویشیوں کا پوری طرح سے خیال رکھے گی،شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں ۔








