پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کو 74 رنز سے ہرا دیا

ڈھاکہ ۔24جولائی (اے پی پی):پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 74 رنز سے ہرا کر سیریز کا اختتام شاندار انداز میں کیا۔ اس جیت میں صاحبزادہ فرحان اور سلمان مرزا نے نمایاں کردار ادا کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی اور 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے جس میں صاحبزادہ فرحان کی 63 رنز کی دھواں …

ڈھاکہ ۔24جولائی (اے پی پی):پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 74 رنز سے ہرا کر سیریز کا اختتام شاندار انداز میں کیا۔ اس جیت میں صاحبزادہ فرحان اور سلمان مرزا نے نمایاں کردار ادا کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی اور 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے جس میں صاحبزادہ فرحان کی 63 رنز کی دھواں دار اننگز شامل تھی۔ بنگلہ دیش ٹیم ہدف کے تعاقب میں محض 104 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ تین میچوں کی سیریز 1-2 سے بنگلہ دیش کے نام رہی۔ گزشتہ روز شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 41 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

انہوں نے میدان کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے اور ٹیم کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔ دیگر بیٹرز میں حسن نواز 33، محمد نواز 27 اور صائم ایوب 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے تین اور نسیم احمد نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم ابتدا سے ہی دبائو کا شکار نظر آئی اور پوری ٹیم 16.4 اوورز میں 104 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد سیف الدین نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ تنزید حسن صفر، محمد نعیم 10، لٹن داس 8، مہدی حسن میراز 9، ذاکر علی ایک، مہدی حسن صفر اور شمیم حسین 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فہیم اشرف اور محمد نواز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کے ذاکر علی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

مزید خبریں