انسانی امداد تک رسائی دینے سے انکار بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، کینیڈین وزیر اعظم کی اسرائیل پر تنقید

اوٹاوا۔25جولائی (اے پی پی):کینیڈا نے اپنی بھیجی گئی امداد کو غزہ میں پہنچنے سے روکنے پر اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ انسانی امداد تک رسائی دینے سے انکار بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ شنہوا کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے غزہ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی انسانی تباہی کو روکنے میں ناکامی پر اسرائیلی حکومت کی مذمت کی ہے …

اوٹاوا۔25جولائی (اے پی پی):کینیڈا نے اپنی بھیجی گئی امداد کو غزہ میں پہنچنے سے روکنے پر اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ انسانی امداد تک رسائی دینے سے انکار بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ شنہوا کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے غزہ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی انسانی تباہی کو روکنے میں ناکامی پر اسرائیلی حکومت کی مذمت کی ہے ۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر کہا کہ امداد کی تقسیم پر اسرائیل کے کنٹرول کو بین الاقوامی تنظیموں کی سربراہی میں انسانی امداد کی ایک جامع فراہمی سے بدلنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی طرف سے بھیجی گئی اہم امداد غزہ میں بھوک سے مرتے شہریوں تک پہنچائے جانے سے روک دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی امداد سے انکار بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے تمام فریقوں سے نیک نیتی کے ساتھ فوری جنگ بندی پر بات چیت کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کرنے اور اسرائیلی حکومت سے مغربی کنارے اور غزہ کی علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کے اپنے مطالبات کا اعادہ کرتے ہیں۔کارنی نے کہا کہ کینیڈا دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے، جو اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے لیے امن و سلامتی کی ضمانت دیتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند اگلے ہفتے نیویارک میں اس مسئلے پر اقوام متحدہ (یو این) کی کانفرنس میں شرکت کریں گی۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔