میٹا کا رواں سال اکتوبر سے یورپی یونین میں سیاسی اشتہارات بند کرنے کا اعلان

برسلز۔26جولائی (اے پی پی):امریکی سوشل میڈیا کمپنی میٹا پلیٹ فارمز نے اعلان کیا ہے کہ وہ اکتوبر کے آغاز سے یورپی یونین میں اپنے پلیٹ فارمز پر سیاسی، انتخابی اور سماجی مسائل سے متعلق اشتہارات بند کر دے گی۔ کمپنی نے اس فیصلے کی وجہ یورپی یونین کے نئے قوانین سے پیدا ہونے والی قانونی غیر یقینی صورتحال کو قرار دیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کا نیا …

برسلز۔26جولائی (اے پی پی):امریکی سوشل میڈیا کمپنی میٹا پلیٹ فارمز نے اعلان کیا ہے کہ وہ اکتوبر کے آغاز سے یورپی یونین میں اپنے پلیٹ فارمز پر سیاسی، انتخابی اور سماجی مسائل سے متعلق اشتہارات بند کر دے گی۔ کمپنی نے اس فیصلے کی وجہ یورپی یونین کے نئے قوانین سے پیدا ہونے والی قانونی غیر یقینی صورتحال کو قرار دیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کا نیا قانون "ٹرانسپیرنسی اینڈ ٹارگٹنگ آف پولیٹیکل ایڈورٹائزنگ” 10 اکتوبر 2025 سے نافذ العمل ہوگا، یہ قانون 27 رکنی یورپی بلاک میں انتخابات میں غلط معلومات اور بیرونی مداخلت پر خدشات کے باعث متعارف کیا گیا ہے۔

قانون کے مطابق بڑی ٹیک کمپنیاں سیاسی اشتہارات پر واضح لیبل لگانے کی پابند ہوں گی جس میں یہ بتایا جائے گا کہ یہ اشتہار کس نے دیا، اس پر کتنی رقم خرچ ہوئی اور یہ کون سے انتخابات کیلئے ہے، ان ضوابط کی خلاف ورزی پر کمپنیوں کو سالانہ آمدنی کا 6 فیصد تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔میٹا نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہاکہ اکتوبر 2025 کے آغاز سے ہم یورپی یونین میں اپنے پلیٹ فارمز پر سیاسی، انتخابی اور سماجی مسائل سے متعلق اشتہارات کی اجازت نہیں دیں گے، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن ہم نے یہ یورپی یونین کے نئے ضابطے (ٹی ٹی پی اے ) کے جواب میں کیا ہے جو نہایت پیچیدہ عملی مسائل اور قانونی غیر یقینی صورتحال پیدا کرتا ہے۔

میٹا نے مزید کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ذاتی نوعیت کے اشتہارات مختلف اقسام کے مشتہرین کے لیے بہت اہم ہیں خاص طور پر ان کے لیے جو ووٹرز کو اہم سماجی مسائل سے آگاہ کرنے کے لیے مہمات چلاتے ہیں لیکن ایسے ضوابط ہماری ان خدمات کی فراہمی کی صلاحیت کو محدود کر دیتے ہیں جس سے نہ صرف اشتہارات کی مؤثریت متاثر ہوتی ہے بلکہ ووٹرز کے لیے معلومات تک رسائی بھی کم ہو جاتی ہے۔یاد رہے کہ یورپی کمیشن پہلے ہی میٹا کے پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا وہ 2024 کے یورپی پارلیمانی انتخابات سے قبل جھوٹے مواد اور گمراہ کن اشتہارات کو روکنے میں ناکام رہے۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔