چین، شائولین ٹیمپل کے سربراہ بدعنوانی اور غیر اخلاقی رویے کے الزامات پر عہدے سے برطرف

بیجنگ۔28جولائی (اے پی پی):چین میں بدھ مت کے مشہور شائولین ٹیمپل کے سربراہ ابوٹ شی یونگ شن کو بدعنوانی اور غیر اخلاقی رویے کے الزامات پر عہدے سے برطرف کر دیا گیا ۔ یہ ٹیمپل نہ صرف مذہبی روحانیت کا مرکز رہا ہے بلکہ صدیوں سے مارشل آرٹس خاص طور پر کنگ فو کی تربیت، فروغ اور روایت کا امین بھی ہے۔اے ایف پی کے مطابق شائولین ٹیمپل نے جاری …

بیجنگ۔28جولائی (اے پی پی):چین میں بدھ مت کے مشہور شائولین ٹیمپل کے سربراہ ابوٹ شی یونگ شن کو بدعنوانی اور غیر اخلاقی رویے کے الزامات پر عہدے سے برطرف کر دیا گیا ۔ یہ ٹیمپل نہ صرف مذہبی روحانیت کا مرکز رہا ہے بلکہ صدیوں سے مارشل آرٹس خاص طور پر کنگ فو کی تربیت، فروغ اور روایت کا امین بھی ہے۔اے ایف پی کے مطابق شائولین ٹیمپل نے جاری بیان میں کہا کہ ابوٹ شی پر پراجیکٹس کے فنڈز اور ٹیمپل کی جائیداد میں خردبرد کرنے کا شبہ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے بدھ مت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی کی ہے جن میں متعدد خواتین کے ساتھ تعلقات بھی شامل ہیں۔ٹیمپل نے بتایا کہ ان کے خلاف تحقیقات متعدد سرکاری محکمے مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ چین کی بدھسٹ ایسوسی ایشن نے پیر کو اعلان کیا کہ وہ ابوٹ شی کا بدھ مت کی رسم دستار بندی کا سرٹیفیکیٹ منسوخ کر رہی ہے۔ایسوسی ایشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شی یونگ شن کے اعمال نہایت سنگین نوعیت کے ہیں جن سے بدھسٹ برادری کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے اور راہبوں کی شبیہ کو مجروح کیا ہے۔ایسوسی ایشن نے زور دیا کہ وہ قانون کے مطابق شی یونگ شن کے خلاف کارروائی کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

شی یونگ شن پر پہلے بھی سابق راہبوں نے ٹیمپل کی ملکیتی کمپنی سے رقوم چرانے، لگژری گاڑیاں رکھنے اور کئی خواتین سے تعلقات ہونے کے الزامات لگائے تھے۔یاد رہے کہ شی یونگ شن پر 2015 میں بھی اسی نوعیت کے الزامات عائد ہوئے تھے جنہیں ٹیمپل نے اس وقت بدنیتی پر مبنی بہتان قرار دیا تھا۔شی یونگ شن نے 1999 میں ابوٹ کا عہدہ سنبھالا تھا اور اس کے بعد شائولین کنگ فو اور بدھ مت کی تعلیمات کو عالمی سطح پر فروغ دیا۔

انہوں نے درجنوں کاروباری ادارے بھی قائم کیے جس پر انہیں بدھ مت کو تجارتی بنانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔شائولین ٹیمپل 495 عیسوی میں قائم ہوا اور اسے زین بدھ مت اور چینی کنگ فو کا جنم مقام مانا جاتا ہے۔ شی یونگ شن کو 2002 میں بدھسٹ ایسوسی ایشن آف چائنا کا وائس چیئرمین منتخب کیا گیا اور وہ نیشنل پیپلز کانگریس کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔