یورپی یونین کو کی جائے والی قومی برآمدات میں گزشتہ مالی سال25۔2024 کے دوران 7.44 فیصد اضافہ

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):یورپی یونین کے ممالک کو کی جائے والی قومی برآمدات میں گزشتہ مالی سال25-2024کے دوران 7.44 فیصد اضافہ ہوا ہے، مالی سال 24۔2023کے دوران یورپی ممالک کو کی جانے والی برآمدات میں 3.12 فیصد کمی ہوئی تھی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی 2024 تا جون 2025کے دوران یورپی منڈیوں کو کی جانے والی برآمدات کی …

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):یورپی یونین کے ممالک کو کی جائے والی قومی برآمدات میں گزشتہ مالی سال25-2024کے دوران 7.44 فیصد اضافہ ہوا ہے، مالی سال 24۔2023کے دوران یورپی ممالک کو کی جانے والی برآمدات میں 3.12 فیصد کمی ہوئی تھی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی 2024 تا جون 2025کے دوران یورپی منڈیوں کو کی جانے والی برآمدات کی مالیت 8.863 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ مالی سال24-2023کے دوران یورپی ممالک سے برآمدات کی مد میں 8.249 ارب ڈالر کا زر مبادلہ کمایا گیا تھا۔اس طرح مالی سال 24-2023 کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال 25-2024کے دوران یورپی یونین کے ممالک کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں 0.614 ارب ڈالر یعنی 7.44 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جی ایس پی پلس کی سہولت کے باوجود مالی سال 2023کے مقابلہ میں مالی سال 2024کے دوران یورپی منڈیوں کو کی جانے والی برآمدات میں 3.12 فیصد کی کمی سے برآمدات کی مالیت 8.240 ارب ڈالر رہی تھی۔ ایس بی پی کے مطابق یورپی یونین کے ممالک سے مغربی یورپ کے ممالک کو سب سے زیادہ برآمدات کی گئیں جن میں گزشتہ مالی سال کے دوران 8.34 فیصد اضافہ اور برآمدات کی مالیت 3.99 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 4.323 ارب ڈالر تک بڑھ گئی۔ مغربی یورپ کے ممالک میں جرمنی پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈ ی رہا اور گزشتہ مالی سال میں جرمنی کو کی جانے والی برآمدات میں 11.35 فیصد اضافہ سے زر مبادلہ 1.687 ارب ڈالر رہا جبکہ نیدرلینڈ کو گزشتہ مالی سال میں 1.492 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی اور برآمدات 7.72 فیصد بڑھوتری ہوئی۔

اسی طرح فرانس کو گزشتہ مالی سال کے دوران کی جانے والی برآمدات کے دوران 10.82 فیصد کا اضافہ ہوا اور برآمدات کی مالیت 563.76 ملین ڈالر رہی ،تاہم بیلجیئم کو کی جانے والی برآمدات میں 2.42 فیصد کی کمی سے برآمدات کی مالیت 543.43 ملین ڈالر تک کم ہوگئی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جنوبی یورپ کے ممالک کو کی جانے والی مجموعی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 3.41 فیصد کا اضافہ ہوا اور برآمدات کا حجم 2.993 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 3.095 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

جنوبی یورپ کے ممالک میں سپین پاکستان کی سب سے بڑی برآمد ی منڈ ی ثابت ہوا اور گزشتہ مالی سال کے دوران برآمدات سے 1.482 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا جبکہ اٹلی کو کی جانے والی برآمدات 0.89 فیصد کی بڑھوتری سے 1.132 ارب ڈالر اور یونان کو کی جانے والی برآمدات 18.64 فیصد کے اضافہ سے 154.11 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران شمالی یورپ کے ممالک کو کی جانے والی مجموعی قومی برآمدات میں 17.73 فیصد کا اضافہ اور برآمدات کا حجم 636.12 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 748.95 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔ ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران برطانیہ کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 7.19 فیصد کی بڑھوتری سے برآمدات کا حجم 2.015ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.160 ارب ڈالر تک پڑ گیا۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔