ٹیسلا کی "آٹوپائلٹ” ٹیکنالوجی حادثے کی ذمہ دار قرار، عدالت کا 242.6 ملین ڈالر ہرجانے کا حکم

نیویارک ۔2اگست (اے پی پی):امریکی شہر میامی کی جیوری نے 2019 میں پیش آنے والے ایک مہلک حادثے میں ٹیسلا کی "آٹوپائلٹ" ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کمپنی کو 242.6 ملین امریکی ڈالر ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دیا ہے۔شنہوا کے مطابق یہ فیصلہ خودکار گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کے حوالے سے اپنی نوعیت کا پہلا بڑا عدالتی فیصلہ تصور کیا جا رہا ہے، جو دنیا بھر میں …

نیویارک ۔2اگست (اے پی پی):امریکی شہر میامی کی جیوری نے 2019 میں پیش آنے والے ایک مہلک حادثے میں ٹیسلا کی "آٹوپائلٹ” ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کمپنی کو 242.6 ملین امریکی ڈالر ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دیا ہے۔شنہوا کے مطابق یہ فیصلہ خودکار گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کے حوالے سے اپنی نوعیت کا پہلا بڑا عدالتی فیصلہ تصور کیا جا رہا ہے، جو دنیا بھر میں ایسی ہی مقدمات کے نئے سلسلے کو جنم دے سکتا ہے۔عدالتی دستاویزات کے مطابق، ہرجانے کی تفصیل42.6 ملین ڈالر متاثرین کے درد و تکلیف کے ازالے کے لیے، جبکہ 200 ملین ڈالر تعزیری ہرجانے کی مد میں ہیں ۔ حادثہ فلوریڈا میں اُس وقت پیش آیا جب جارج میگی کی ٹیسلا گاڑی نے ایک اور گاڑی کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں 22 سالہ نیبل بیناویدس لیون جاں بحق اور اس کا دوست ڈیلن آنگولو شدید زخمی ہو گیا۔

اگرچہ ڈرائیور نے موبائل فون کے استعمال کا اعتراف کیا، تاہم جیوری نے ٹیسلا کو 33 فیصد قصوروار ٹھہرایا، یہ قرار دیتے ہوئے کہ آٹوپائلٹ سسٹم میں حفاظتی اقدامات اور انتباہات کا شدید فقدان تھا۔ٹیسلا نے فیصلے کو "غلط” قرار دیتے ہوئے کہا، "آج کا فیصلہ آٹو موٹیو سیفٹی کے لیے نقصان دہ ہے اور ایسی ٹیکنالوجی کی ترقی میں رکاوٹ ہے جو انسانی جانیں بچا سکتی ہے۔” کمپنی نے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ 2015 میں آٹوپائلٹ فیچر کے آغاز کے بعد سے ٹیسلا پر کئی حادثات کی تحقیقات جاری ہیں۔ اکتوبر 2024 میں امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے "فُل سیلف ڈرائیونگ” سسٹم کے خلاف تفتیش شروع کی، جس میں کم روشنی والے حادثات، حتیٰ کہ ایک پیدل چلنے والے کی ہلاکت کا بھی ذکر کیا گیا۔مزید برآں، اپریل 2024 میں 467 آٹوپائلٹ حادثات اور 54 زخمیوں کی رپورٹوں کے بعد، 20 لاکھ سے زائد گاڑیاں واپس بلائی گئیں تاکہ ڈرائیور انتباہات کو بہتر بنایا جا سکے۔ جنوری 2025 میں بھی 2.6 ملین ٹیسلا گاڑیوں کی "ریموٹ ڈرائیونگ” صلاحیت پر تفتیش شروع کی گئی۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔