نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ ایک گھنٹے کے دوران 28,657 کیوسک سے بڑھ کر 33,653 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔این …

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ ایک گھنٹے کے دوران 28,657 کیوسک سے بڑھ کر 33,653 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 5 سے 7 اگست کے دوران بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث دریائے ستلج اور بیاس میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ بھارت میں واقع بھاکڑا ڈیم 55 فیصد اور پونگ ڈیم 56 فیصد بھر چکے ہیں اور ڈیموں سے مزید پانی کے اخراج سے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، اس ہفتے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب بھی آ سکتا ہے۔این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری ردعمل، نکاسی آب اور ممکنہ انخلاء کی تیاریوں کی ہدایت کی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو خطرات سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات کی تاکید کی گئی ہے۔

عوام سے گزارش ہے کہ حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں، اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے نہ گزریں۔مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کے لئے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھے۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ وہ موسم اور ممکنہ خطرات سے متعلق تازہ معلومات کے لئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔این ڈی ایم اے متعلقہ اداروں کو مسلسل آگاہی فراہم کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔