اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):یوم آزادی قریب آتے ہی ملک بھر میں کار مالکان اپنی گاڑیوں کو تخلیقی اور تہوار کی مناسبت سے سجا کر حب الوطنی کے جذبے کا مظاہرہ کررہے ہیں۔14 اگست 2025 قریب آنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی سجاوٹ کا رجحان نئی بلندیوں تک پہنچنے کی امید ہے۔بڑے شہروں میں گاڑیوں کے مالکان اپنی گاڑیوں کو پاکستانی پرچم کے مکمل ڈیزائنوں کے ساتھ ساتھ حب الوطنی …
گاڑیوں پر حب الوطنی کے فخر کا اظہار، یوم آزادی سے قبل کاروں کی سجاوٹ کا رجحان عروج پر پہنچ گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):یوم آزادی قریب آتے ہی ملک بھر میں کار مالکان اپنی گاڑیوں کو تخلیقی اور تہوار کی مناسبت سے سجا کر حب الوطنی کے جذبے کا مظاہرہ کررہے ہیں۔14 اگست 2025 قریب آنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی سجاوٹ کا رجحان نئی بلندیوں تک پہنچنے کی امید ہے۔بڑے شہروں میں گاڑیوں کے مالکان اپنی گاڑیوں کو پاکستانی پرچم کے مکمل ڈیزائنوں کے ساتھ ساتھ حب الوطنی کے اظہار کیلئے سجاوٹ کی دیگر اشیا سبز اور سفید غبارے، بینرز اور قومی پرچموں سے آراستہ کرتے نظر آتے ہیں۔
اسلام آباد کے ایک کار مالک علی رضا نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر اپنی کار کو سجانا مجھے پسند ہے کیونکہ یہ ملک کے لیے اپنی محبت اور احترام کا اظہار کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال میں نے اپنی گاڑی کو پاکستانی پرچم سے پینٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک اور کار مالک راحیل نے بتایا کہ اپنی گاڑی کو پاکستانی پرچم سے سجانا حب الوطنی کا اظہار اور اپنی آزادی کا جشن منانے کا ایک طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی گاڑی کو منفرد انداز میں سجانے کیلئے پر جوش ہوں کیونکہ یہ اپنے وطن کے خصوصی دن کو منانے کا ایک منفرد طریقہ ہے۔
گاڑیوں کی سجاوٹ کرنے والے بھی حب الوطنی پر مبنی سجاوٹ کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے اوور ٹائم پر کام کر رہے ہیں کیونکہ ان کی خدمات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ راولپنڈی شمس آباد کے کار ڈیکوریشن کے مالک قاضی سہیل نے کہا کہ ہمار پاس حب الوطنی پر مبنی کاروں کی سجاوٹ کے لیے گاہکوں کا رش ہے اور ہم صارفین کی طلب کو پورا کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہر کار مالک یوم آزادی پر اپنے حب الوطنی کے جذبے کا اظہار کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوم آزادی پر گاڑیوں کی سجاوٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم آزادی پر کاروں کی سجاوٹ کا رجحان صرف بڑے شہروں تک ہی محدود نہیں ہےبلکہ چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں بھی کار مالکان اپنی گاڑیوں کو حب الوطنی کی مناسبت سے سجا کر ملک سے اپنی محبت اور احترام کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چاہے سادہ پرچم ہو یا پینٹ کا کام، ہر کار مالک یوم آزادی کے ماحول میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔








