اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہنر مند نوجوان معاشی سرگرمیوں میں اپنی ذہانت اور توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ترقی کے ثمرات عوام الناس تک پہنچانے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، نوجوان نسل کوجدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے مکمل آگاہی کی فراہمی وفاقی حکومت کی ترجیح ہے تاکہ نوجوان نسل عالمی سطح پر دوسرے ممالک کے نوجوانوں کے ہم پلہ ہو …
قومی مصنوعی ذہانت پالیسی نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کو مختلف شعبوں میں بروئے کار لانے میں مدد دے گی، وزیراعظم شہباز شریف کا نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہنر مند نوجوان معاشی سرگرمیوں میں اپنی ذہانت اور توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ترقی کے ثمرات عوام الناس تک پہنچانے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، نوجوان نسل کوجدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے مکمل آگاہی کی فراہمی وفاقی حکومت کی ترجیح ہے تاکہ نوجوان نسل عالمی سطح پر دوسرے ممالک کے نوجوانوں کے ہم پلہ ہو سکیں۔ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کے عالمی دن پر اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان کی نوجوان آبادی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، 2025 کا نوجوانوں کا عالمی دن "مقامی نوجوان آبادی کے لئے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز)کے تناظر میں اقدامات” کے عنوان کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی نہ صرف عزم و ہمت اور بہادری کی مثال ہے بلکہ ملکی معاشی ترقی میں بنیادی پہیے کی حیثیت رکھتی ہے، نوجوان نہ صرف قومی اور عالمی افق پر ملک کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ مقامی سطح پر بھی مختلف شعبہ ہائے معیشت میں اپنا تعمیری کردار ادا کررہے ہیں، ہنر مند نوجوان معاشی سرگرمیوں میں اپنی ذہانت اور توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ترقی کے ثمرات عوام الناس تک پہنچانے میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نوجوانوں کی تعلیم، صلاحیتوں، ہنر مندی اور پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کے لئے مختلف پالیسیوں کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے ، نوجوان نسل کی جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے مکمل آگاہی وفاقی حکومت کی ترجیح ہے تاکہ نوجوان نسل عالمی سطح پر دوسرے ممالک کے نوجوانوں کے ہم پلہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ قومی مصنوعی ذہانت پالیسی 2025 بلاشبہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کو مختلف شعبوں میں بروئے کار لانے میں مدد دے گی، وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کامیابی سے لاکھوں نوجوانوں کی ہنر مندی میں اضافہ کر رہا ہے، وزیراعظم یوتھ کاروبار و زرعی قرضہ جات سکیم نوجوانوں کی کاروباری و کاشتکاری کی صلاحیتوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طالب علموں کے لئے ٹیکنیکل اور آئی ٹی ٹریننگ، پیڈ انٹرن شپ اور تعلیم کے لئے قرضہ پروگرام بھی حکومتی اقدامات میں شامل ہیں، روزمرہ زندگی میں مختلف مقامی مسائل کے حل میں نوجوان رضاکاروں کی شمولیت ہمارے ملک کی خاصیت اور سماجی ورثہ ہے، ان رضا کاروں کی جانب سے کسی بھی ایمرجنسی، مصیبت اور قدرتی آفات میں دوسروں کی بے لوث امداد، قابل تحسین ہے، اسی تناظر میں حکومت نے اڑان پاکستان کے تحت کمیونٹی سطح پر بھی نوجوانوں کے لئے پلیٹ فارمز کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے آج کے دن وفاقی وصوبائی حکومتیں، والدین، اساتذہ، مذہبی و سماجی رہنما اس عزم کا اعادہ کریں کہ نوجوان نسل کو اپنے مذہبی، تہذیبی اور سماجی اقدار کا امین ، معاشی ترقی اورجدید دور کی ٹیکنالوجی سے مزین روشن مستقبل کا ضامن بنائیں گے۔








