کراچی ۔12اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ جمہوریت، رواداری اور سماجی انصاف جیسی اقدار کے ساتھ متحد اور پُرعزم رہیں۔ نوجوان ہماری قوم کی دھڑکن اور ہمارے مستقبل کے مشعل بردار ہیں۔ بلاول ہاوَس کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق، نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے …
نوجوان جمہوریت، رواداری اور سماجی انصاف جیسی اقدار کے ساتھ متحد اور پُرعزم رہیں،بلاول بھٹو زرداری

مزید خبریں
کراچی ۔12اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ جمہوریت، رواداری اور سماجی انصاف جیسی اقدار کے ساتھ متحد اور پُرعزم رہیں۔ نوجوان ہماری قوم کی دھڑکن اور ہمارے مستقبل کے مشعل بردار ہیں۔ بلاول ہاوَس کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق، نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے خواب، امیدیں اور امنگیں ایک خوشحال، پرامن اور جمہوری پاکستان کے وژن کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں درپیش چیلنج بڑے ہیں، لیکن ہماری نوجوان نسل کی طاقت بھی بے مثال ہے۔ مجھے ان کی صلاحیتوں پر غیر متزلزل اعتماد ہے کہ وہ پاکستان کو ایک روشن مستقبل کی طرف لے جائیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جمہوریت، رواداری اور سماجی انصاف کی قدروں کے ساتھ متحد، مضبوط اور پُرعزم رہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یاد دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں، ہمیشہ نوجوانوں کو اپنی پالیسیوں میں مرکزی اہمیت دی، چاہے وہ تعلیمی مواقع کا فروغ ہو، روزگار کی فراہمی یا نوجوانوں کی آواز کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا ہو۔
انہوں نے کہا کہ اور یہ ورثہ آج بھی جاری ہے۔ سندھ کے بلدیاتی نظام کے ہر مرحلے میں نوجوانوں کو بھرپور نمائندگی حاصل ہے۔ سندھ کی عوامی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے شہید بینظیر بھٹو یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام اور اس نوعیت کے دیگر اقدامات کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت مفت فراہم کی جاتی ہے، تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔
پی پی پی چیئرمین نے نوجوانوں کے ساتھ اپنی جماعت کے غیر متزلزل عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے حقوق کے تحفظ اور ان کی آواز کو ہر فورم پر بلند کرنے کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر میں ہر نوجوان پاکستانی کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ اپنے سفر میں اکیلے نہیں ہیں۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ آپ کی ساتھی، آپ کی حمایتی اور آپ کی وکیل رہے گی۔








