معرکہ حق کی کامیابی نے یوم آزادی کا لطف دوبالا کر دیا ہے ، بیرسٹر دانیال چوہدری

راولپنڈی۔14اگست (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی کامیابی نے یوم آزادی کا لطف دوبالا کر دیا ہے، یہ فتح فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت کی مرہون منت ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے کارکنان کو خراج …

راولپنڈی۔14اگست (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی کامیابی نے یوم آزادی کا لطف دوبالا کر دیا ہے، یہ فتح فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت کی مرہون منت ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد نے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یوم آزادی قوم ایک نئے جوش، فخر اور امید کے ساتھ منا رہی ہے۔

دانیال چوہدری نے کہا کہ حال ہی میں قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی قوت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ "معرکہ حق” اور "آپریشن بنیان مرصوص” میں پاکستان کی شاندار کامیابی ملکی تاریخ کا سنہری باب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد اور بہادر مسلح افواج کی جرات، عسکری مہارت اور جذبہ ایمانی نے دشمن کو چند گھنٹوں میں ہی پسپائی پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے آزادی کا تحفظ کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دے رہی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی سے عوام اور صنعت دونوں کو ریلیف ملا ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور نئے معاشی و صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ پاکستان کی تعمیر کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم یہ یوم آزادی ایک فاتح قوم کی حیثیت سے منا رہی ہے اور سبز ہلالی پرچم ہر پاکستانی کے دل کی دھڑکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ترقی کا سفر انہی کے ہاتھوں مکمل ہو گا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ 14 اگست یاد دلاتا ہے کہ قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں۔ انہوں نے بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے حصول تک غیر متزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت فراہم کرتا رہے گا۔

 

مزید خبریں