سپیکر قومی اسمبلی کی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت، قابض افواج کی جانب سے فلسطین میں ادویات، خوراک اور امدادی سامان کی روک تھام انتہائی شرمناک عمل ہے،سردار ایاز صادق

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے 7 اکتوبر 2023ء سے لے کر اب تک 60 ہزار سے زائد معصوم فلسطینیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے باعث شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ہے، اسرائیلی قابض …

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے 7 اکتوبر 2023ء سے لے کر اب تک 60 ہزار سے زائد معصوم فلسطینیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے باعث شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ہے، اسرائیلی قابض افواج نے فلسطین میں سکولوں، ہسپتالوں، عبادت گاہوں اور پناہ گزین کیمپوں پر حملے کیے جو انتہائی غیر انسانی اور غیر اخلاقی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے فلسطین میں ادویات، خوراک اور امدادی سامان کی روک تھام انتہائی شرمناک اور غیر انسانی عمل ہے، اسرائیل کی جانب سے خوراک اور ادویات کی روک تھام کے باعث ہزاروں فلسطینی بچے و بزرگ بھوک اور ادویات کی عدم دستیابی کے باعث شہید ہو رہے ہیں،

فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، غزہ میں جارحیت سے ہزاروں بچے یتیم اور بے سہارا ہو چکے ہیں، عالمی برادری کی خاموشی اسرائیل کو مزید مظالم ڈھانے کی کھلی چھوٹ دے رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ فلسطین میں فوری جنگ بندی کیلئے عملی اقدامات کرے، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل نکالا جائے، پاکستان فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے، القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست کا قیام پاکستان کا واضح موقف ہے، پاکستان کی پارلیمان اور عوام ہر فورم پر فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کرتے رہیں گے، فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی پارلیمان اور عوام شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نےا سرائیلی جارحیت سے ہونے والی شہادتوں کے لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی صحتیابی کی دعا بھی کی ۔

مزید خبریں