این ڈی ایم اےکی جانب سے جنوبی پنجاب کے متعدد علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے جنوبی پنجاب کے متعدد علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ بہاولپور، بہاولنگر، احمدپور، لیاقت پور، ظاہر پیر، راجن پور، خان پور، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، رحیم یار خان اور صادق آباد میں شدید بارش متوقع ہے، آئندہ …

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے جنوبی پنجاب کے متعدد علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ بہاولپور، بہاولنگر، احمدپور، لیاقت پور، ظاہر پیر، راجن پور، خان پور، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، رحیم یار خان اور صادق آباد میں شدید بارش متوقع ہے، آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک بارش اور طوفانی ہوائیں وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے میڈیا ونگ کے مطابق شدید بارش سے پہاڑی علاقوں میں ندی نالے بپھرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، عوام محتاط رہیں۔ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تیز ہوائیں اور طوفان کمزور درخت گرانے اور بجلی کا نظام متاثر کرنے کا باعث بن سکتے ہیں،بارش اور گردوغبار سے حد نگاہ متاثر ہونے پر ٹریفک حادثات کا خدشہ ہے،عوام بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، درختوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں،گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر کھڑا کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔