افواجِ پاکستان نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا، خیبر پختونخوا میں اگلی حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہوگی، انجینئر امیر مقام

نوشہرہ۔ 07 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا، خیبر پختونخوا کے نوجوانوں نے ایک بار پھر نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہمیں علم ہے کہ گزشتہ 13 سال میں صوبہ خیبر …

نوشہرہ۔ 07 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا، خیبر پختونخوا کے نوجوانوں نے ایک بار پھر نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہمیں علم ہے کہ گزشتہ 13 سال میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ کیا کچھ ہوا، لیکن اب وقت آ چکا ہے کہ یہاں کی تقدیر بدلی جائے، خیبر پختونخوا میں اگلی حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہوگی۔

اتوار کو نوشہرہ میں یومِ دفاع اور یومِ فضائیہ کے موقع پر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کنونشن میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کی شرکت سے خیبر پختونخوا کے نوجوانوں نے ایک بار پھر نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا، یومِ فضائیہ پر شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے پاک فوج کی جانب سے دشمن کی جارحیت کے جواب میں کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ 10 اور 11 مئی 2025 کو پاک فوج نے ایک بار پھر دشمن کو عبرتناک شکست دی، جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا گی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا، قوم ایک بار پھر متحد ہو کر اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہوئی. انہوں نے یومِ دفاع اور یومِ فضائیہ کے تناظر میں شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن محض تاریخ کا باب نہیں بلکہ جذبۂ قربانی، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کی یاد دہانی ہے. وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف خود متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ پاک فوج کے جوان دن رات ریلیف آپریشنز میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے حالیہ دورۂ بونیر کے دوران متاثرین کے ساتھ تعزیت کی جو پاک فوج کی عوام سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جو خیبر پختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل کا حل دے سکتی ہے، ہمیں علم ہے کہ گزشتہ 13 سال میں اس صوبے کے ساتھ کیا کچھ ہوا، لیکن اب وقت آ چکا ہے کہ یہاں کی تقدیر بدلی جائے، ان شاء اللہ اگلی حکومت خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کی ہوگی. وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کا یہ جوش و جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبر پختونخوا کا نوجوان گالم گلوچ کی سیاست نہیں بلکہ خدمت، اخلاقیات اور ترقی کا راستہ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کو صرف نعرے نہیں دیتی بلکہ انہیں تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر ملک کے خلاف منفی پراپیگنڈے کا بھرپور جواب دیں۔ ملک دشمن عناصر، چاہے وہ اندرونی ہوں یا بیرونی، ان کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ قوم اور افواج ایک پیج پر ہیں۔ آخر میں انجینئر امیر مقام نے مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ خیبر پختونخوا کے تمام عہدیداران کو کامیاب کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ تقریب صرف ایک اجتماع نہیں بلکہ نوجوانوں میں شعور، اتحاد اور قیادت کی ایک نئی تحریک کا آغاز ہے۔

اس موقع پر صوبائی اور ضلعی قیادت صوبائی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ (ن) رحمت سلام خٹک، صوبائی یوتھ کوآرڈینیٹر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام بابر سلیم خان، عابد خان ہوسفزئی، ذوالفقار باچا، صوبائی یوتھ آرگنائزر سمیع اللہ برکی، ارشاد علی خان صوبائی یوتھ آرگنائزر جنرل سیکریٹری، ضلعی صدر حمزہ خان، ضلعی جنرل سیکریٹری مشیت الرحمان، شیراز خان صوابی ضلعی صدر، عابد مجددی، ندیم خان، سید فیاض الرحمان، ظفر خٹک اور پروفیسر نواب زادہ بھی موجود تھے.