اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواندگی محض پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت نہیں بلکہ وہ بنیاد ہے جس پر قومیں اپنی تقدیر کا تعین کرتی ہیں،موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کے سامنے اب ہم کسی غفلت کے متحمل نہیں ہو سکتے، قوم کو تعلیم سب کے لیے یقینی بنانے کے لیے اضافی محنت کرنا ہوگی۔پیرکوخواندگی کے عالمی دن کے موقع پر …
خواندگی محض پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت نہیں بلکہ وہ بنیاد ہے جس پر قومیں اپنی تقدیر کا تعین کرتی ہیں،بلاول بھٹو زرداری کا عالمی یوم خواندگی پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواندگی محض پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت نہیں بلکہ وہ بنیاد ہے جس پر قومیں اپنی تقدیر کا تعین کرتی ہیں،موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کے سامنے اب ہم کسی غفلت کے متحمل نہیں ہو سکتے، قوم کو تعلیم سب کے لیے یقینی بنانے کے لیے اضافی محنت کرنا ہوگی۔پیرکوخواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواندگی جمہوریت اور ترقی کی روح ہے،خواندگی محض پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت نہیں بلکہ وہ بنیاد ہے جس پر قومیں اپنی تقدیر کا تعین کرتی ہیں،پیپلز پارٹی کا یقین ہے کہ غربت، ناانصافی اور جہالت کی زنجیروں کو توڑنے کا سب سے طاقتور ہتھیار تعلیم ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا خواب ترقی پسند اور خواندہ افراد پر مبنی پاکستان تھا،بھٹو شہید اور بی بی شہید نے تعلیم کو بنیادی حق قرار دیا اور خواتین و نوجوانوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنایا، قائد عوام اور شہید بینظیر بھٹو کا یہ وژن آج بھی ہمیں متاثر اور رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کے سامنے اب ہم کسی غفلت کے متحمل نہیں ہو سکتے، 2022 کے سیلاب میں سندھ کے تقریباً نصف تعلیمی ادارے تباہ ہوئے تھے،
اب پنجاب کو بھی اسی نوعیت کی تباہ کُن آفت کا سامنا ہے جس سے نظامِ تعلیم مزید متاثر ہوگا، موسمیاتی تبدیلی کے سبب پاکستانی بچوں کو تعلیم کے اپنے بنیادی حق کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، بچوں کو درپیش یہ مشکلات موسمیاتی تبدیلی کے سبب پیدا ہوئی ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ایسا بحران ہے جس میں نہ اِن بچوں کا، نہ ان کے والدین اور نہ ہی اُن کے ملک کا کوئی قصور ہے،موسمیاتی تبدیلی کے اِس بحران کی جڑیں صنعتی ممالک کے اقدامات میں پیوست ہیں،خواندگی اور تعلیم کے حوالے سے پیپلز پارٹی اپنےغیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شرحِ خواندگی بڑھانے کے لیے قومی سطح پر اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے، اس کے لیے ہر شہری بشمول حکومت اور سول سوسائٹی کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج عالمی یومِ خواندگی پر ہم سب کو ایک عہد کرنا چاہیےکہ ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں ہر بچہ تعلیم حاصل کرے، ایسا پاکستان جہاں ہر بچے کے خواب کی آبیاری ہو اور ہر شہری تعلیم کے ذریعے بااختیار بنے۔








