میلان ۔26ستمبر (اے پی پی):اے سی میلان اور ناپولی کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان سیری اے لیگ کا اہم میچ آئندہ اتوار کو سٹیڈیو جیوسیپ میزا، میلانو، اٹلی میں کھیلا جائے گا۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق فٹبال کی دنیا کے دو عظیم مڈفیلڈرز لوکا موڈرچ اور کیون ڈی بروئن 28 ستمبر کی شب سیری اے کے ایک بڑے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گے جب دفاعی چیمپئن ناپولی …
سیری اےلیگ، اے سی میلان اور ناپولی کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 28ستمبر کو ہوگا

مزید خبریں
میلان ۔26ستمبر (اے پی پی):اے سی میلان اور ناپولی کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان سیری اے لیگ کا اہم میچ آئندہ اتوار کو سٹیڈیو جیوسیپ میزا، میلانو، اٹلی میں کھیلا جائے گا۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق فٹبال کی دنیا کے دو عظیم مڈفیلڈرز لوکا موڈرچ اور کیون ڈی بروئن 28 ستمبر کی شب سیری اے کے ایک بڑے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گے جب دفاعی چیمپئن ناپولی کی ٹیم اپنے حریف اے سی میلان کے خلاف میدان میں اترے گی ۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے اس سیزن کی اصل آزمائش قرار دیا جا رہا ہے۔ ناقابل شکست ناپولی نے نئے سیزن کا شاندار آغاز کیا ہے، اور ان کے کوچ انتونیو کونتے کی زیرِ قیادت ٹیم نے اب تک چاروں لیگ میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔کیون ڈی بروئن نے حال ہی میں مانچسٹر سٹی کو خیرباد کہہ دیا تھا اور اب وہ دفاعی چیمپئن ناپولی کے لیے مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور دو گول بھی کر چکے ہیں۔
دوسری جانب اے سی میلان کی ٹیم بھی مسلسل بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ تجربہ کار لوکا موڈرچ جو اب چالیس برس کے ہو چکے ہیں، فرانسیسی مڈفیلڈر ادریان رابیو کے ساتھ ٹیم کو استحکام فراہم کر رہے ہیں۔ میلان کی ٹیم اپنے چار میچز کھیل چکی ہے جن میں اس کو تین میچز میں فتح جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
میلان کے کوچ ماسیمیلیانو الیگری کو اس بات کا فائدہ حاصل ہے کہ ان کی ٹیم کو اس ہفتے کسی یورپی مقابلے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ میلان کی ٹیم کے لیے ایک اور اچھی خبر یہ ہے کہ پرتگالی ونگر رافائیل لیاؤ انجری سے صحتیاب ہو چکے ہیں اور امکان ہے کہ وہ اتوار کو بطور متبادل کھلاڑی میدان میں اتریں گے۔سیری اے میں پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو دفاعی چیمپئن ناپولی 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ اے سی میلان 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔








