پاکستان نے 500 ملین ڈالر کے بین الاقوامی یورو بانڈ ز کی وقت پر ادائیگی کر دی ہے،مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے قرضوں کی وقت پر معیاری ادائیگیاں یقینی بنانے کی پالیسی کے تحت 500 ملین ڈالر کے بین الاقوامی یورو بانڈ زکی وقت پر ادائیگی کر دی ہے۔ وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ ایکس‘‘ پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نے 30 ستمبر 2025 کو میچور ہونے والے یورو بانڈز کی وقت پر ادائیگی کر …

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے قرضوں کی وقت پر معیاری ادائیگیاں یقینی بنانے کی پالیسی کے تحت 500 ملین ڈالر کے بین الاقوامی یورو بانڈ زکی وقت پر ادائیگی کر دی ہے۔ وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ ایکس‘‘ پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نے 30 ستمبر 2025 کو میچور ہونے والے یورو بانڈز کی وقت پر ادائیگی کر دی ہے۔ یہ بانڈ 2015 میں عالمی سرمایہ کاروں کےلئے 10 سال کی مدت کےلئے جاری کیے گئے تھے جن کی مقررہ وقت پر ادائیگی کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورو بانڈ کی وقت پر ادائیگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان مالیاتی نظم وضبط اور اس حوالے سے پالیسیوں پر بھرپور توجہ دے رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ادائیگی ایسے وقت پر ہوئی جب زرمبادلہ کے ذخائر اور کیش کی صورتحال بہتر ہے اور اس سے بیرونی مالیاتی دبائو کا مقابلہ کرنے میں معاونت مل رہی ہے۔ خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان کے خودمختار کریڈٹ ریٹنگ کی بحالی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا جس کی عکاسی بانڈز کی وقت پر ادائیگیوں سے ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی کے تناسب سے قرضوں کے حجم میں بھی کمی آئی ہے، مالی سال 2020 میں جی ڈی پی کے تناسب سے قرضوں کا حجم 77 فیصد تھا جو مالی سال 2025 میں 70 فیصد ہو گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجموعی قرضوں میں غیر ملکی قرضوں کا تناسب مالی سال 2025 میں 38 فیصد سے کم ہو کر 32 فیصد ہوگیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ قرضوں کے اخراجات اور اضافے کی رفتار گزشتہ برسوں کی نسبت معتدل رہی۔

خرم شہزاد نے بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر شرح سود میں کمی کے امکانات اور ملک میں بنیادی معاشی اشاریوں میں بہتری کے نتیجے میں پاکستان بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں بہتر شرائط پر رسائی حاصل کرسکتا ہے جو ملک کے قرضوں کے حوالے سے ساکھ اور اعتماد کےلئے ایک مثبت علامت ہے۔