وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی ہائی کاربیکس امریکن انرجی کے سی ای او پیئرس انتھینک اور ماری انرجیز کے سی ای او فہیم حیدر سے ملاقات

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پشاور بلاک کی بحالی پاکستان کی تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے کی سمت ایک مثبت اور اہم پیش رفت ہے، یہ اقدام ایندھن کی ضروریات میں خود انحصاری اور پائیداری کے ہدف کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے، حکومت اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ان خیالات …

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پشاور بلاک کی بحالی پاکستان کی تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے کی سمت ایک مثبت اور اہم پیش رفت ہے، یہ اقدام ایندھن کی ضروریات میں خود انحصاری اور پائیداری کے ہدف کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے، حکومت اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ہائی کاربیکس امریکن انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیئرس انتھینک اور ماری انرجیز کے سی ای او فہیم حیدر سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کو اس تاریخی معاہدے کے بارے میں آگاہ کیا گیاجس کے تحت ماری انرجیز نے ہائی کاربیکس امریکن انرجی کارپوریشن اور فاطمہ پٹرولیم کے ساتھ مل کر پشاور بلاک کی بحالی کے لیے شراکت داری کی ہے۔پشاور بلاک کئی برسوں سے غیر فعال تھا، نئی شراکت داری کے تحت ہائی کاربیکس امریکن انرجی، ماری انرجیز اور فاطمہ پٹرولیم ایک مشترکہ منصوبہ تشکیل دیں گے جس کے ذریعے بلاک میں دوبارہ ایکسپلوریشن اور ڈویلپمنٹ سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام توانائی کے شعبے میں پاکستان کے لیے نئی راہیں کھولے گا، بلاک کی بحالی کے لئے کمپنیوں کا عزم قابل ستائش ہے۔ انہوں نے توانائی کے شعبے کے لیے حکومت کے وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے پر بھی روشنی ڈالی جس میں طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پٹرولیم کنسیشنز (ڈی جی پی سی) کی تنظیم نو جاری ہے جو صنعت کے ماہرین کی رہنمائی میں زیادہ شفاف، موثر اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرے گی۔ہائی کاربیکس امریکن انرجی کے سی ای او پیئرس انتھینک نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بے پناہ مواقع ہیں اور ان کی کمپنی اس مارکیٹ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پشاور بلاک کے علاوہ ہائی کاربیکس امریکن انرجی ملک کے تین دیگر بلاکس پر بھی کام کر رہی ہے، یہ شراکت داری پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے شاندار نتائج لائے گی۔

مزید خبریں