غزہ کے لئے روانہ ہونے والے فلوٹیلا کی حفاظت کے لئے عالمی برداری اپنا کردار ادا کرے، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ غزہ کے لئے روانہ ہونے والے فلوٹیلا کی حفاظت کے لئے عالمی برداری اپنا کردار ادا کرے، امریکی صدر کا فلسطین میں امن کے لئے 20 نکاتی فارمولے کا مسلم ممالک نے خیرمقدم کیا ہے، فلسطین متفقہ مسئلہ ہے اس کو متنازع نہ بنایا جائے۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے …

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ غزہ کے لئے روانہ ہونے والے فلوٹیلا کی حفاظت کے لئے عالمی برداری اپنا کردار ادا کرے، امریکی صدر کا فلسطین میں امن کے لئے 20 نکاتی فارمولے کا مسلم ممالک نے خیرمقدم کیا ہے، فلسطین متفقہ مسئلہ ہے اس کو متنازع نہ بنایا جائے۔

بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آج سے 15 دن قبل غزہ کے بھائیوں کی امداد لے کر جانے والا قافلہ اب غزہ کے پانیوں میں داخل ہو چکا ہے، اسرائیلی بحری جہاز اور ڈرون اس قافلے کا گھیرا ؤکئے ہوئے ہیں، یو این او اور او آئی سی کے پلیٹ فارم سے فوری طور پر ایک مضبوط آواز اٹھانے کی ضرورت ہے کہ اس قافلے میں شامل لوگ سیاستدان، فوجی، عسکری نہیں ہیں وہ سماجی ورکرز ہیں، ان میں اکثریت مسلمان بھی نہیں ہیں، وہ صرف انسانیت کے ناطے اپنے بہن بھائیوں کی امداد کے لئے وہاں پر جا رہے ہیں، پاکستان سمیت دیگر ممالک کو او آئی سی، یو این او اور دیگر پلیٹ فارمز پر آواز اٹھانی چاہیے تاکہ یہ لوگ اسرائیل کی سفاکیت سے محفوظ رہ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں امن کے لئے امریکی صدر کی جانب سے 20 نکاتی فارمولا سامنے آیا ہے، حکومت پاکستان نے اس کا ابتدائی طور پر خیر مقدم کیا ہے، اس حوالے سے قائدانہ کردار ادا کرنے والے 8 ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بہت واضح موقف ہے کہ فلسطینیوں کو جو حل قبول ہو گا وہ پاکستان کو بھی قبول ہو گا، ایک آزاد، خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر نے پاکستانی عوام اور مسلم امہ کے فلسطین کے لئے جذبات کی ترجمانی کی۔

مزید خبریں